نہیں صاحب ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں اور بالکل بھی نہیں کہہ رہے ہیں کہ اپنے ایل جی صاحب جھوٹ بول رہے ہیں… ہم ایسی گستاخی کرنے کی سوچ بھی نہیں سکتے ہیں اور… اور بالکل بھی نہیں سوچ سکتے ہیں ۔ ہاں البتہ اتنا ضرور ہے کہ … کہ کچھ باتیں اگر پردہ میں ہی رہیں… راز ہی رہیں تو … تو اسی میں بھلا ہے… سب کا بھلا … اپنے میرواعظ صاحب کا بھی ۔ ایل جی صاحب کہتے ہیں کہ میرواعظ عمر فاروق صاحب گھر میں نظر بند نہیں ہیں… انہیں بند نہیں رکھا گیا ہے‘ ان پر ۲۰۱۹ کے بعد بھی کبھی بھی پی ایس اے عائد نہیں کیا گیا ہے … دوسرے الفاظ میں ایل جی صاحب کہنا چاہتے ہیں کہ … کہ میرواعظ صاحب جہاں چاہیں جا سکتے ہیں… ان کے گھومنے پھرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے… اور بالکل بھی نہیں ۔ ہم نہیں جانتے ہیں کہ ایل صاحب کے اس دعوے میں کتنی حقیقت اور صداقت ہے… اگر یہ جناب ایسا کہہ رہے ہیں تو… تو سچ ہی ہو گا ‘ یہ سچ ہی کہہ رہے ہوں گے…لیکن ہم صرف اتنا کہنا چاہیں گے کہ انہیں یہ کہنے کی بھی ضرورت کیا تھی… میرواعظ کے ساتھ سرکار کیا معاملہ کررہی ہے اور کیا نہیں … کیا وہ آزاد ہیں یا گھر میںنظر بند ‘ اس راز پر سے پردہ ہٹانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی اور… اور اس لئے نہیں تھی کہ کسی کو یہ جاننے میں کوئی دلچسپی بھی نہیں ہے … اور یہ بھی سچ ہے کہ خود میرواعظ بھی چاہتے ہوں گے کہ اس راز پر سے پردہ نہ اٹھایا جائے… یہ راز راز ہی رہے اور… اور اس لئے رہے کہ اگر میرواعظ صاحب نظر بند نہیں ہیں … اس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں گھر سے باہر آنا ہو گا… جامع مسجد جانا ہوگا… وہاں واعظ و خطاب کرنا ہو گا… کچھ کہنا ہو گا… لیکن مسئلہ یہ ہے کہ میرواعظ صاحب کہیں گے کیا ؟وہ کیا ہے کہ …میرواعظ صاحب گزشتہ تین برسوں سے گھر میں ہیں…کشمیر ی بھی اپنے اپنے گھروں میں ہیں… چپ چاپ شانتی سے سب اپنے اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں… کسی کو میرواعظ صاحب کی کمی بھی محسوس نہیں ہو رہی ہے… پھر اس بات کے کیا معنی ہیں کہ … کہ یہ جناب گھر میں نظر بند ہیں یا یہ اپنی مرضی سے گھر سے باہر آنا نہیں چاہتے ہیں اور… اور اگر یہ گھر سے باہر آئیں گے بھی تو یہ جناب کریں گے کیا اور کہیں گے کیا کہ… کہ ان تین برسوںمیں واقعی میں جہلم سے ڈھیر سارا پانی بہہ گیا ہے… ان تین برسوں میں واقعی میں کشمیر بدل گیا ہے اور… اور سوفیصد بدل گیا ہے ۔ ہے نا؟