سرینگر//
اِنتظامی کونسل کی میٹنگ آج یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں توش خانہ آرگنائزیشن کے اِنتظامی کنٹرول کو مہمان نوازی اور خاطر تواضع محکمہ سے محکمہ ثقافت کو منتقل کرنے کو منظور ی دی۔
میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور ائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتااور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے شرکت کی۔
’’ توش خانہ ‘‘ میں جموں وکشمیر کے سابق ڈوگرہ حکمرانوں کے شاہی تحائف او رقدیم چیزیں موجود ہیں۔جموں میں توش خانہ کے مضامین مبارک منڈی ہیر ٹیج کمپلیکس میں محفوط کئے گئے ہیں جب کہ سری نگر کے مضامین صدر ٹریجریری سری نگر کے ایک لاکر میں رکھے گئے ہیں۔
توش خانہ کا اِنتظامی کنٹرول محکمہ ثقافت کو منتقل کرنے کے فیصلے سے محکمہ ثقافت کے تحت آرکائیوز ، آرکیولوجی اور میوزم کے کام کاج کو ہم آہنگ کیا جائے گا او رشہری اَپنے ورثے کے بارے میں بہتر معلومات حاصل کرسکیں گے۔
مزید برآں‘ اِنتظامی کونسل نے توش خانہ آرگنائزیشن کے منظور شدہ عہدوں اور موجودہ عملے کو تمام ریکارڈ اور غیر منقولہ اور منقولہ اثاثوں کے ساتھ محکمہ ثقافت کو منتقل کرنے کو بھی منظور ی دی۔