نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے دیگر لیڈروں نے اتوار کو ان لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے 1947 میں تقسیم ہند میں اپنی جانیں گنوائیں تھیں۔
مسٹر مودی نے ایک ٹویٹ میں ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے تقسیم کے دوران اپنی جانیں گنوائیں۔ ساتھ ہی تقسیم کے خوفناک یادگاری دن کو بھی منایا۔
مسٹر مودی نے کہاکہ آج تقسیم کے ہولناک یادگاری دن پر، میں ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے تقسیم کے دوران اپنی جانیں گنوائیں۔
مسٹر شاہ نے کہاکہ سال 1947 میں ملک کی تقسیم ہندوستانی تاریخ کا وہ غیر انسانی باب ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ تقسیم کے تشدد اور نفرت نے لاکھوں جانیں لے لیں اور لاتعداد لوگوں کو بے گھر کر دیا۔ آج، ‘تقسیم کے خوفناک یادگار دن’ کے موقع پر میں ان لاکھوں لوگوں کو سلام کرتا ہوں جنہیں تقسیم کا نقصان اٹھانا پڑا۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی ملک کی تقسیم کے دوران جانیں گنوانے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا، ‘‘تقسیم کے درد کو نہ بھول پانے کے باوجود نئی شروعات کرنے والوں کو سلام۔ یہ ملک تقسیم کی ہولناکیوں کو کبھی نہیں بھولے گا۔
خیال ر ہے کہ مسٹر مودی نے 14 اگست 2021 کو اعلان کیا تھا کہ 14 اگست کو ہر سال ‘وبھیبھجن وبھیشکا اسمرتی دیوس’ یا ‘پارٹیشن ہارر ریمیمبرنس ڈے ‘ کے طور پر منایا جائے گا تاکہ قوم کو 1947 میں تقسیم کے دوران ہندوستانیوں کے مصائب اور قربانیوں کی یاد دلائی جا سکے ۔