جموں//
فوج کی شمالی کمان کے سربراہ‘ لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے راجوری فدائین حملے میں جاں بحق ہوئے چار فوجی اہلکاروں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ درہال راجوری میں فوجی کیمپ پر ہوئے فدائین حملے میں جاں بحق فوجی اہلکاروں کی جمعے کے روز تعزیتی گلباری تقریب منعقد ہوئی۔
ترجمان نے کہاکہ ائر فورس اسٹیشن جموں میں تعزیتی گلباری تقریب منعقد ہوئی جس میں فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے شرکت کی۔انہوں نے کہاکہ ترنگے سے لپٹے فوجی اہلکاروں کی جسد خاکی پر پھول نچھاور کئے گئے اور اْنہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا گیا۔
دفاعی ترجمان کے مطابق شمالی کمان کے سربراہ نے اس موقع پر کہاکہ وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے فوجی اہلکاروں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
بتادیں کہ جمعرات اعلیٰ الصبح راجوری کے درہال علاقے میں قائم فوجی کیمپ پر دو فدائین نے حملہ کیا جس دوران چار فوجی اہلکار از جان اور دو دیگر زخمی ہوئے تھے جبکہ جوابی کارورائی میں دو ملی ٹینٹ بھی مارے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ دونوں فدائین جیش سے منسلک تھے۔