سری نگر//
حکومت نے آج فیصلہ لیا ہے کہ جموںوکشمیر یوٹی میں تمام سرکاری عمارتوں اور دفاتر بشمول تعلیمی اِدارے یوم آزادی ۲۰۲۲ء پر قومی پرچم لہرائیں گے۔
اِس سلسلے میں محکمہ جنرل ایڈ منسٹریشن کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکیولر میںکہاگیا ہے ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو اور ہندوستان کی آزادی کے۷۵ سال‘‘ کی یاد گار کے سلسلے میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ جموں وکشمیر یوٹی میں تمام سرکاری عمارتوں ،دفاتر بشمول یونیورسٹیوں ، کالج ، سکول ، اَربن لوکل باڈی دفاتر ،تحاصیل ، بلاکس ، پنچایتوں ، پٹوار خانہ وغیرہ یوم آزادی۲۰۲۲ء پر قومی پرچم لہرائیں گے۔
سرکیولر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اِس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ قومی پرچم کو فلیگ کوڈ کے حوالے سے مناسب اور موزوں انداز میں لہرایا جائے جس کیلئے محکمہ اطلاعات تمام شراکت داروں میں بیداری پیدا کرے گا۔
سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام اِنتظامی سیکرٹریز ، صوبائی کمشنران ، محکمہ جات کے سربراہان ، ضلع ترقیاتی کمشنران مندرجہ بالا ہدایات پر سختی سے عمل کریںگے۔
دریں اثناماضی میںترنگا صرف ضلع اور تحصیل صدر مقامات پر ہی لہرایا جاتا تھا۔اِس برس یہ جموںوکشمیر میں ایک تحریک بن گئی ہے اور دُور دراز اور دیہی علاقے ’’ ہر گھر ترنگا‘‘ مہم میں جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں ’’ ہر گھر ترنگا ‘‘ مہم کا آغاز کیا تھا ۔وزیر اعظم نے تمام شہریوں سے ’’ ہر گھر ترنگا‘‘ مہم کو ایک عوامی تحریک میں تبدیل کرنے کی اپیل کی تھی اور ہندوستان کے۷۵ویں یوم آزادی کی یاد میں اَپنے گھروں پر قومی پرچم اور اَپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر ترنگے کو ڈسپلے تصویر کے طور پر اِستعمال کر یں۔
کٹھوعہ سے کپواڑہ تک جموں وکشمیر کے لوگ بالخصوص بچے ترنگا لہرا کر ریلیاں نکال رہے ہیںاور ’آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘ کے زیر اہتمام ہر گھر ترنگا مہم کا جوش و خروش سے اِنتظار کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو ترنگا گھر لانے اور۱۳سے ۱۵؍ اگست تک اَپنے گھرپر لہرانے کی ترغیب دی جاسکے۔
اِس پہل کا مقصد لوگوں کے دِلوں میں حب الوطنی کے جذبات کو پیدا کرنا اور ہندوستانی قومی پرچم کے بارے میں بیداری کو فروغ دینا ہے ۔
عوامی نمائندوں اور جموںوکشمیر کے شہری ’ ہر گھر ترنگا‘ مہم میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں۔
چیئرمین ڈی ڈی سی بڈگام نذیر احمد خان نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ’’ہر گھر ترنگا ‘‘مہم کو کامیاب بنائیں۔
اِسی طرح پونچھ کے ایک گائوں کے سرپنچ وجاہت بخاری نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہمارے گھروں پر جھنڈے لہرانے اور بڑے پیمانے پر ترنگا ریلیاں نکالنے کا خواب دیکھتے تھے ۔اُنہوں نے کہا،’’ اب وزیر اعظم نریندر مودی نے ’ہرگھر ترنگا‘ مہم سے میرا خواب پورا کیا‘‘۔
جموںوکشمیر کے دُور دراز او ردیہی علاقوں میں ’ہر گھر ترنگا ‘ مہم میں شرکت کا جوش وخروش دیکھا جارہا ہے ۔حال ہی میں کپواڑہ کے دُور افتادہ کرالپورہ مژھل علاقے میں طلباء مقامی لوگوں کے ساتھ ترنگا ریلی نکالنے میں شامل ہوئے ۔ طلباء نے ’’ ہمارا ترنگا ہمارا فخر ہے ، اسے اونچا اڑنا چاہیے‘‘ اور ’’ فاصلوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا جب ترنگا ہمارا فخر اور اعزاز ہو‘‘ کے نعروں کے ساتھ گائوں میں مارچ کیا۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے بیلا بونیار کے ایک رہائشی نے کہا کہ وہ ہمارے پرچم کو احترام دینے کے حکومت کے اس فیصلے سے بہت خوش ہیں ۔
کپواڑہ اِنتظامیہ نے آزادی کا اَمرت مہااُتسو ’’ ہر گھر ترنگا‘‘ مہم کے تحت ’’ہرگھر ترنگا ‘‘ پروگرام کو دُور دراز اور دور اُفتادہ دیہاتوں تک بھی پہنچانے کو یقینی بنایا۔
مختلف گورنمنٹ ڈگری کالجوں اور سکولوں میں مصوری ، گائیکی قومی ترانہ ، مضمون نویسی مقابلے ، کوئز پروگرام ، مباحثے او رسمینار بھی منعقد کئے جارہے ہیں ۔ جموںوکشمیر بھر میں ’’ہرگھر ترنگا ‘‘مہم کے ایک حصے کے طور پر ترنگا ریلیاں ،عمارتوں ، گھروں پر پرچم کشائی بھی منعقد کی جارہی ہے۔
نوجوانوں کا جذبہ اِس قدر بلند ہے کہ اُنہوں نے باقاعدہ ریہر سل کے ساتھ کئی دِن پہلے ہی ایونٹ کی تیاریاں شروع کی ہیں ۔ طلباء مشقوں اور تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور آنے والے یوم آزادی کی یادگار ی تقریبات میں پرفارم کرنے کے لئے پرجوش ہیں۔سکولی طلباء قومی نشانات ، قومی یادگاروں ، آزادی کی جدوجہد اور دیگر متعلقہ مختلف موضوعات پر کوئز ، مضمون نویسی ، مصوری اور مباحثے مقابلوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔