وہ کیا ہے صاحب کچھ لوگوں کی نا سمجھ ‘ سمجھ اتنی نا سمجھ ہو تی ہے کہ ان کی سمجھ میں کچھ بھی نہیں آتا ہے…نہیں آسکتا ہے ۔ آپ لاکھ کوششیں کیجئے انہیں سمجھانے کی … لیکن یہ بھینس کے آگے بین بجانا جیسا ہی ہے… اس سے کچھ الگ‘ کچھ مختلف نہیں… بالکل بھی نہیں ۔ چاہے وہ کانگریس ہو یا پھر اپنی میڈم جی… میڈم محبوبہ مفتی جی… دونوں کی ناسمجھ ‘ سمجھ میں یہ بات نہیں آ رہی ہے کہ یہ آزادی کا ۷۵واں سال ہے… پورا ملک آزادی کے ۷۵ ویں سال کا جشن منا رہا ہے اور… اور ترنگا لہرا کر ‘ ترنگا ریلی نکال کر ‘ ترنگا کو اپنے گھروں اور دفاتر میں پوری آن ‘بان اور شان کے ساتھ ایستادہ کرنے ‘ لہرانے سے بہتر جشن منانے کا اور کون سا طریقہ ہو سکتا ہے؟کچھ چیزیں ‘ کچھ باتیں ہی تو ہیں جو ایک ملک ‘ ایک قوم کو ایک ساتھ ‘ ایک مالا میں پرودیتی ہیںاور… اور ان میں ترنگا بھی شامل ہے… لیکن کیا کیجئے گا ان نا سمجھوں کی اس نا سمجھ ‘ سمجھ کا کہ انہیں اس میں بھی مرکزی سرکار اور بی جے پی کی سیاست نظر آ رہی ہے… جبکہ اصل بات یہ ہے‘ اصل معاملہ یہ ہے کہ یہ سیاست نہیں بلکہ ان کی … کانگریس اور پی ڈی پی کے ذہن کی خباثت ہے اور… اور کچھ نہیں ۔ جھنڈا… ترنگا سب کا ہے‘ پورے دیش واسیوں کا ہے‘ سبھی دھرموں کا ہے‘ سبھی ریاستوں کا ہے‘ سبھی سیاسی جماعتوں کا ہے… اس میں اجارہ داری کی تو کوئی بات نہیں… ترنگے پر تو اجارہ داری کوئی قائم کرہی نہیں سکتا ہے اور… اور اگر کسی کو لگتا ہے کہ کوئی اجارہ داری قائم کررہا ہے یا کرنے کی کوشش کررہا ہے … جیسا کہ میڈم جی کو لگ رہا ہے کہ بی جے پی ترنگنے پر اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش کررہی ہے تو… تو صاحب ہم کہیں تو کیاکہیں … سوائے اس ایک بات کے کہ ابھی میڈم جی اتنی بڑھی نہیں ہو ئی ہے جو اس ایک بات کو سمجھ سکے کہ… کہ ترنگنے پر کوئی اجارہ داری قائم نہیں کرسکتا ہے…یہ اجارہ داری نہیں بلکہ ملک اور اس کے قومی پرچم کے ساتھ دیانتداری کا معاملہ ہے اور… اور جو کوئی بھی انفرادی طور پر یا اجتماعی طور پر ‘سیاسی سطح پر یا حکومتی سطح پر آزادی کے ۷۵ ویں سال کے موقع پر ترنگنے کو لہرائے… دوسروں کو اس کی ترغیب دے‘حوصلہ افزائی کرے تو… توآزادی کا امرت مہااتسو منانے کا اس سے بہترین طریقہ اور کیا ہوسکتا ہے… ہے نا؟