سرینگر//
جموںکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے وتر ہیل خانصاحب علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین جاری جھڑپ میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ وسطی ضلع بڈگام کے وتر ہیل خانصاحب گاوں میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے بدھوار اعلیٰ الصبح علاقے کو محاصرے میں لے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی شروع کی۔
ترجمان نے بتایا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا او راس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق دن بھر جاری رہنے والی اس جھڑپ میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے ۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں شدید دھماکوں کی آوازوں کے بیچ ایک رہائشی مکان سے آگ کے شعلے بلند ہوئے ۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔