نئی دہلی//
مرکزی حکومت نے ہوائی کرایوں پر لاگو اوپری حد کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سے ایوی ایشن سروس کمپنیاں گھریلو روٹس پر کرایہ طے کرنے کیلئے مکمل طور پر آزاد ہوں گی۔
اس فیصلے کا اطلاق۳۱؍اگست ۲۰۲۲سے ہوگا۔
شہری ہوا بازی کی وزارت نے بدھ کو جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا کہ اس نے کووڈ کے دوران۲۱مئی۰۲۲۰کو لاگو ہونے والے کرایہ کی بالائی حد سے متعلق۲۱مئی ۲۰۲۰کے حکم کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے ۔ فیصلے کا اطلاق ۳۱؍اگست سے ہوگا۔
شہری ہوابازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے کہا کہ کرایوں پر اوپری حد ہٹانے کا یہ فیصلہ پرواز خدمات کی طلب کی صورتحال اور ہوائی جہاز کے ایندھن کی قیمت کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے ۔
ایئر لائنز بڑے نقصانات رپورٹ کرتی آئی ہیں لیکن کچھ نے کہا کہ اب کرایوں پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ اوپری اور نچلی دونوں حدیں ہٹا دی گئی ہیں ۔ وہ مسافروں کے حجم میں اضافہ کو یقینی بنانے کیلئے ٹکٹوں میں رعایت کر سکتے ہیں۔
سرین اینڈ کمپنی کے ہیڈ آف آپریشنز وینامرا لونگانی کاکہناہے’’میں اسے مسافروں کیلئے ایک مثبت کے طور پر دیکھتا ہوں کیونکہ کرایوں میں کمی آنی چاہیے‘‘۔
ہوا بازی کے ماہر پرویز دمانیہ نے کہا’’میرے خیال میں یہ صارفین کے ساتھ ساتھ ایئر لائنز کیلئے ایک بہترین اقدام ہے‘‘۔