سرینگر//
نقب زنی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر سری نگر پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کاروباری اداروں او ر دیگر مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شہر میں نقب زنی اور چوری کی کوششوں میں اضافے کے پیش نظر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ناگزیر ہے ۔
ترجمان نے شہریوں اور اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے احاطے میں سی سی ٹی وی نصب کریں جس میں احاطے کے اندر اور باہر دنوں جگہ محفوظ ڈی وی آر والے کیمرے لگے ہوں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ کل رات جموں وکشمیر بینک پارمپورہ میں چوروں نے نقب لگانے کی کوشش کی۔
بتادیں کہ اس سے قبل پولیس نے دکانداروں کو سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ہدایت دی تھی جس پر دکانداروں نے من وعن عمل کیا۔