سرینگر//
جموں وکشمیر میں ترنگا لہرانے کی تیاریاں اور عام شہریوں میں زبردست جوش و خروش کے ساتھ زورو شور سے جاری ہے۔
ملک بھر میں ’’ہر گھر ترنگا مہم ‘‘چلائی جارہی ہے تاکہ ہندوستان کی آزادی کے۷۵ ویں برس کے موقعہ پر ہر گھر اور دفتر پر ترنگا لہرایا جائے۔
آزادی کے۷۵ سال منانے والے حکومت کے ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو ‘‘ اقدام کے تحت ’’ ہر گھر ترنگا ‘‘ مہم کے ایک حصے کے طور پر جموں وکشمیر کے ہر ضلع میں مختلف محکموں او رسکولوں کی جانب سے مختلف سرگرمیاں منعقد کی جارہی ہیں۔
اَضلاع میں مصوری ، قومی ترانہ گانا ، مضمون نویسی کے مقابلے ، کوئز پروگرام ، مباحثے او رسمینارمنعقد کئے جارہے ہیں۔اِس کے علاوہ ضلع بھر میں مختلف گورنمنٹ ڈگری کالجوں ، سکولوں ، ترنگا ریلیاں ، عمارتوں اور گھروں پر پرچم کشائی بھی کی جارہی ہے۔
نوجوان نسل کا جذبہ اِس قدر بلند ہے کہ اُنہوں نے باقاعدہ ریہرسل سے کئی دِن پہلے ہی ایونٹ کی تیاریاں شروع کی ہیں۔ طلباء مختلف سرگرمیوں اور تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور آنے والے یوم آزادی کی تقریبات میں پرفارم کرنے کے لئے بہت پُر جوش ہیں ۔
طلباء قومی نشانات ، قومی یاد گاروں ، آزادی کی جدو جہد اور دیگر متعلقہ مختلف موضوعات پر کوئز ، مضمون نویسی ، مصوری اور مباحثے کے مقابلوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔
محکمہ دیہی ترقی ، ایف سی ایس اینڈ سی اے ، ایم سی ، پوشن مشن اور ہیلتھ بھی تقریبات کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے بیداری پروگرام ، ترنگا ریلیاں اورپرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں۔
اِسی طرح دیگر محکمے بھی ’’ ہر گھر ترنگا مہم ‘‘ کے پیغام کو تمام لوگوں تک پہنچانے کیلئے پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔
ضلع بھر میں جھنڈے تقسیم کئے گئے ہیں اور ضلع بھر میں کئی اِداروں ، نجی عمارتوں اور رہائش گاہوں پر ترنگا لہر ا دیا گیا ہے ۔ اِس کے علاوہ رواں برس۱۳سے۱۵؍ اگست کے درمیان’ ہر گھر ترنگا میگا ایونٹ‘ کی تیاریاں بھی زورو شور سے جاری ہیں۔
کونسلر کھنہ بل اننت ناگ رومیسارفیق نے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ ملک سے محبت ظاہر کرنے کے لئے ’’ہر گھر ترنگا مہم ‘‘ میں قیادت کریں۔
اِسی طرح چیئرمین بی ڈی سی گوڑی آرتی شرما نے کہاہے کہ’’ ہر گھر ترنگا‘‘ کو کامیاب بنانے کے لئے تمام محکموں ، پی آر آئیز اور سماجی کارکنوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔
راجوری کے ایک پی آر آئی ممبر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ہر شہری کو اپنے جھنڈے پر فخر ہے جو ہماری یکجہتی او رسیکولر کردار کی عکاسی کرتا ہے ۔یہ ہمیں قوم کے بہادروں کی قربانیوں کی یاد دِلاتا ہے۔
شمالی کشمیر بارہمولہ ضلع کے بیلا بونیار کے ایک رہائشی نے بتایا کہ وہ حکومت کے اِس فیصلے سے بہت خوش ہیں۔
دریں اثنا ٔ ، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ( ڈی آئی پی آر ) نے قومی ترانہ گائیکی مقابلے ۔۲۰۲۲ ء کا آغاز کیا تھا جس کے لئے یکم ؍ اگست سے۷؍ اگست ۲۰۲۲ء کے درمیان اِندراجات آن لائن کھلے تھے۔
اِس مقابلے کے تحت حکومت نے جموںوکشمیر کے شہریوں سے کہا تھا کہ وہ گوگل لِنک کے ذریعے اَپنے اِندراجات جمع کر کے قومی ترانہ گائیکی مقابلے میں حصہ لیں۔
اِندراجات اِنفرادی اور گروپ کیٹیگریز کے تحت کھلے تھے ۔ اِنفرادی زُمرے کے تحت دو ذیلی زُمرہ جات کے لوگوں ۱۳برس سے۱۸ برس عمر تک اور زائد اَز۱۸ برس عمر کے اَفراد کو مقابلے میں حصہ لینے کی اِجازت دی گئی تھی جہاں گروپ کیٹیگریز کے لئے عمر کی کوئی پابندی نہیں رکھی گئی تھی۔
ڈائریکٹر اطلاعات اور تعلقات عامہ اَکشے لابرو نے اِس پہل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اِس مقابلے کے تحت جموںوکشمیر کے مختلف حصوں سے تقریباً۹ہزار؍ اِندراجات موصول ہوئے جن میں تقریباً۵۰ہزار شرکأ شامل تھے جو کہ گذشتہ برس موصول ہونے والی اِندراجات سے چار گنا زیادہ ہے اور جموں اور کشمیر دونوں صوبوں سے تقریباً مساوی گزارشات موصول ہوئیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جنوبی کشمیر کے اضلاع سب سے آگے ہیں اور اُنہوں نے جمع کرنے کی تعداد میں زبردست ردِّعمل دیا ہے۔
مقابلے کے فاتحین کو بالترتیب پہلے ، دوسرے اور تیسرے انعامات کیلئے۲۵ہزارروپے ‘۱۱ہزار روپے اور۵ہزارروپے کے نقد انعامات کے علاوہ صوبائی سطح پر یوم آزادی کی تقریبات میں قومی ترانہ پیش کرنے کا موقعہ بھی ملے گا۔
دریں اثنا، جموں اِنتظامیہ ’’ہر گھر ترنگا‘‘ تقریب کو کامیاب بنانے کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے کیوں کہ ضلع بھر میں۱۳سے ۱۵؍؍ اگست تک ۵ء۳ لاکھ ترنگے لہرائے جائیں گے ۔
ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اَو نی لواسا نے کہاکہ ’ ہر گھر ترنگا‘ کو کامیاب بنانے کے لئے تیاریاں زور وںپر ہیں اور اِنتظامیہ کو۱۳سے ۱۵؍اگست کے درمیان ہر گھر ، دکانوں ، سرکاری اور نجی عمارتوں پر لہرانے کے لئے ۵ء۳ لاکھ ترنگے فراہم کرنے ہیں ۔
ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اونی لواسا نے کہاکہ ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘‘ کے ایک حصے کے طور پر اِس یوم آزادی پر ترنگا لہرانے کے ساتھ قومی ترانہ بھی گونجے گا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ ثقافت اور سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جیز) نے ضلع میں۵ء۳ لاکھ پرچم لہرانے کے ہدف کو پورا کرنے کے لئے قومی پرچم بھی فراہم کئے ہیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہاکہ ’’ ہر گھر ترنگا ابھیان‘‘ کے تحت جموں شہر اور اطراف میں راشن ڈیپو ئوںکے ذریعے جھنڈے بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔