جموں//
جموں وکشمیر کے ضلع اُدھم پور میں ڈرامائی کارروائی کے دوران پولیس نے ایک شخص کو ہیروئن سمیت گرفتار کیا جبکہ اُس کا ساتھی راہ فرار اختیار کرنے کے دوران گاڑی کی ٹکر سے از جان ہوا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کے روز اُدھم پور میں پیٹرول پمپ گول میلہ کے نزدیک سیکورٹی فورسز کے اہلکار معمول کی چیکنگ میں مصروف تھے کہ اسی اثنا میں دو مشتبہ افراد کو مشکوک حالت میں دیکھا گیا۔
بیان کے مطابق دونوں نے جب پولیس ٹیم کو دیکھا تو انہوں نے مین شاہراہ کی طرف راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی جس دوران نامعلوم گاڑی نے ایک شخص کو ٹکر ماری جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ شخص کو علاج ومعالجہ کی خاطر گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا جہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔
پولیس نے متوفی کی شناخت مختیار احمد ولد خلیل الرحمن ساکن کپواڑہ کے بطور کی۔انہوں نے بتایا کہ متوفی کے ساتھی جگتار سنگھ ولد جرنیل سنگھ ساکن پنجاب کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا جبکہ گاڑی کی تلاشی کے دوران۲۵۰گرام ہیروئن کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑی کی تلاشی کے دوران نقدی ایک کروڑ ۹۱لاکھ چونتیس ہزار روپیہ کی رقم بھی برآمد کی گئی ہے ۔
دریں اثنا اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ دونوں نارکو ٹریڈ سے جڑے ہوئے ہیں تاہم معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات جاری ہے اور اس بارے میں مزید انکشافات متوقع ہے ۔