سرینگر//
فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امتحانات میں کامیاب قرار دئے گئے اُمیدواروں نے سرینگر اور جموں میں ۱۹ویں روز بھی احتجاج کیا۔
مظاہرین مطالبہ کر رہے ہیں کہ فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ لسٹ کو کسی بھی صورت میں منسوخ نہ کیا جائے کیونکہ ایسا کرنے سے اُمیدواروں کی تین سال کی محنت پر پانی پھیر جائے گا۔
یو این آئی اردو نامہ نگار نے بتایا کہ سرینگر کی پریس کالونی میں برستی بارش میں فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امتحانات میں کامیاب قرار دئے گئے اُمیدواروں نے دھرنا دیا اور انتظامیہ کے خلا ف نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ پچھلے انیس روز سے وہ دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن ابھی تک انتظامیہ نے اُن کے ساتھ کوئی رابط قائم نہیں کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ کامیاب قرار دئے گئے اُمیدواروں کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔
اُن کے مطابق دھاندلیوں میں ملوث آفیسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے تاہم اس بات کا خیال رکھا جانا چاہئے کہ جن بچوں نے محنت کی اُنہیں پورا انصاف ملنا چاہئے ۔
مظاہرین نے مزید بتایاکہ سرکار کی جانب سے فائنانس اکاونٹ امتحانات میں کامیاب قرار دئے گئے اُمیدواروں کی لسٹ کو منسوخ کرنے کے بارے میں غور وغوض ہو رہا ہے لیکن ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر حکومت نے ایسا کیا تو ہم تا دم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے ۔
دریں اثنا جموں پریس کلب کے باہر بھی انیسویں روز بھی اُمیدواروں کا احتجاج جاری رہا۔
اُن کا کہنا تھا کہ امتحانات میں کامیاب قرار دئے گئے اُمیدواروں کے لسٹ کو کسی بھی صورت میں منسوخ نہیں کیا جانا چاہئے ۔
واضح رہے کہ ایس آئی امتحانات کو منسوخ کرنے کے بعد کئی افراد نے فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امتحانات میں مبینہ دھاندلیوں کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔
افواہیں گشت کر رہی ہیں کہ سرکار اس لسٹ کو بھی منسوخ کر سکتی ہے لیکن ابھی تک اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا۔