جموں//
جموںکشمیر کے ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں اتوار دیر شام موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی بادل پھٹنے کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پانی کا تیز ریلہ رہائشی بستی میں داخل ہوا جس وجہ سے متعدد گاڑیوں اور رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ سورن دریا میں ایک شخص غرقہ آب ہوا۔
انتظامیہ نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر علاقے میں اسکولوں کو بند رکھنے کے احکامات جاری کئے ۔
اطلاعات کے مطابق اتوار دیر شام پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈیڑھ گھنٹے تک طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس وجہ سے سیلابی پانی رہائشی بستی میں داخل ہوا۔ان کے مطابق سیلابی پانی کی وجہ سے متعدد رہائشی مکانوں کے ساتھ ساتھ دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔
ذرائع نے مزید کہاکہ فوج ، پولیس اور مقامی لوگوں نے درمیانی شب ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران پانی میں پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا گیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ درمیانی شب سرنکوٹ میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں پانی کا بڑا ریلہ رہائشی بستی میں داخل ہوا اور آناً فاناً سیلابی پانی نہ صرف مکانوں بلکہ دکانوں میں داخل ہوا جس وجہ سے لوگ محفوظ مقامات کی اور بھاگنے پر مجبور ہوئے ۔
لوگوں نے بتایا کہ لوگوں کی جانوں کو بچانے کی خاطر فوج اور پولیس نے بروقت کارروائی عمل میں لا کر سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سورن دریا میں دو افراد ڈوب گئے جن میں سے ایک کو بچایا گیا جبکہ ایک کو پانی کے تیز بہاو نے بہا کر لیا جس کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے ۔
دریں اثنا انتظامیہ نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر علاقے میں سبھی اسکولوں کو بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ۔انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ندی نالوں کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں سیلابی پانی سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے کی خاطر محکمہ مال کی ٹیموں کو روانہ کیا گیا ہے ۔