نہیں صاحب! ہم میں اتنی ہمت کہاں کہ ہم ان کی کسی بات پر، کسی اقدام پر اعتراض کریں۔ اللہ میاں کی قسم! ہم میں اتنی ہمت نہیں، ہم اتنے بھی بہادر نہیں ہیں، بالکل بھی نہیں ہیں۔پولیس……. ٹریفک پولیس نے ایک فرمان جاری کیا ہے۔ تمام آٹو اور رکشا چلانے والوں کے نام فرمان جاری کیا ہے اور اس فرمان میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے آٹو اور رکشا کی کھڑکیوں کے لیے کالے رنگ کے پلاسٹک پردوں کا استعمال نہ کریں۔ ٹریفک پولیس نے نرم دلی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رعایت دی ہے کہ چونکہ ٹھنڈ ہے، اس لیے وہ شفاف(ٹرانسپیرنٹ) پلاسٹک کے پردوں یا شیٹوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔ ہم ٹریفک پولیس کے شکر گزار ہیں کہ اس نے انسان دوستی کا اعلیٰ معیار قائم و دائم رکھا ہے۔خیر! بات واپس سیاہ پلاسٹک پردوں کی کرتے ہیں تو ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اسے نہیں پتہ، اسے معلوم نہیں ہو پاتا کہ آٹو اور رکشا کے اندر کیا ہو رہا ہے۔ اس لیے سیاہ پلاسٹک پردوں کو ہٹانے کا اس نے حکم دیا ہے۔اللہ میاں رحم کرے کہ اللہ میاں کی قسم! ہمیں بھی نہیں معلوم کہ ان سیاہ پلاسٹک کے پردوں کے پیچھے کیا ہوتا ہے……. لیکن……. لیکن صاحب! اگر ایسا ویسا کچھ ہوتا ہے تو پھر تو وہ صاحب کہیں اور بھی ہوتا ہوگا……. کسی بھی بڑی یا چھوٹی گاڑی میں، جس کے شیشوں پر سیاہ فلم لگی ہوتی ہے۔ اس کے اندر کیا ہوتا ہے، کسی کو معلوم نہیں ہے……. بالکل بھی نہیں ہے۔ ٹریفک پولیس کو بھی نہیں۔تو صاحب! ہم ادباً گزارش کرتے ہیں کہ اگر ٹریفک پولیس نے خود کو مارل پولیس کی ذمہ داریاں بھی تفویض کر لی ہیں تو پھر ان بڑی چھوٹی گاڑیوں کے بارے میں بھی ایسا ہی کوئی شاہی فرمان جاری کیا جائے، جن کے شیشوں پر سیاہ فلمیں لگی ہوتی ہیں۔ہم حلفاً یہ بیان کرتے ہیں کہ ٹریفک پولیس کو ان بڑی چھوٹی گاڑیوں کے اندر بھی کیا ہوتا ہے، اس کا علم نہیں ہوگا۔ بالکل اسی طرح، جس طرح اسے یہ معلوم نہیں کہ آٹو اور رکشاؤں میں کیا ہوتا ہے۔ہے نا؟
۔۔۔۔۔


