سری نگر؍۱۰نومبر
بنگلہ دیش میں جان بحق ہونے والے سوپور کے ایم بی بی ایس طالب علم عدنان الطاف راتھر کو منگل کے روز ان کے آبائی قبرستان میں غمزدہ لوگوں کی آہوں اور سسکیوں کے بیچ سپرد خاک کیا گیا۔
ڈانگر پورہ سوپور سے تعلق رکھنے والے۲۶ سالہ عدنان بنگلہ دیش میں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ ان کی میت منگل کی صبح ان کے آبائی گاؤں ڈانگر پورہ پہنچی۔ جوں ہی میت لے جانے والی ایمبولینس گاؤں میں داخل ہوئی، آس پاس کے علاقوں سے لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا اور پورے علاقے میں ماتم کا ماحول چھا گیا۔ وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں اشکبار تھیں اور عدنان کے رشتہ دار اور دوست غم سے نڈھال تھے۔ خواتین سینہ کوبی کر رہی تھیں جبکہ بچے بھی زار و قطار رو رہے تھے۔
عدنان کے جنازے میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی، جس کے بعد انہیں پرنم آنکھوں کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔
عدنان بنگلہ دیش کے شہر کومیلا میں ایسٹرن میڈیکل کالج میں زیر تعلیم تھے۔ جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق وہ۲ نومبر کی دیر رات کالج کیمپس سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے اور ان کی میت۴ نومبر کی صبح کالج سے تقریباً۵۰۰ گز دور ایک آبی ذخیرے سے برآمد ہوئی تھی۔ میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے کومیلا میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
اہل خانہ نے میت کی جلد واپسی کے لیے مرکزی حکومت سے اپیل کی تھی۔ ایسوسی ایشن کے قومی کنوینر ناصر کہویہامی نے۴ نومبر کو بتایا تھا کہ وزارت خارجہ اور ڈھاکہ میں ہندوستانی مشن نے چٹاگانگ میں اسسٹنٹ ہائی کمیشن کو اہل خانہ کی مدد کرنے اور میت جلد ہندوستان منتقل کرنے کے اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی ڈھاکہ میں ہندوستانی ہائی کمیشن اور وزارت خارجہ سے میت کو وطن لانے میں مدد کی اپیل کی تھی۔
جموں و کشمیر کی وزیر صحت سکینہ ایتو نے۵ نومبر کو بتایا تھا کہ انہوں نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا سے بات کی ہے، اور انہوں نے میت کی واپسی میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
۔۔۔۔(ایجنسیاں )









