سرینگر؍۹نومبر
نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے کشمیر کی آبی پناہ گاہوں کی موجودہ صورتحال سے متعلق جموں و کشمیر آلودگی کنٹرول کمیٹی (جے کے پی سی سی) سے تازہ اور مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔ ٹریبونل نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ اس کے سامنے پیش کی گئی رپورٹ میں آبی پناہ گاہوں کے حقیقی موجودہ رقبے سے متعلق اہم معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
ٹریبونل نے نوٹ کیا کہ جے کے پی سی سی نے آبی پناہ گاہوں کا محکمہ مال کے ریکارڈ میں درج رقبہ تو ظاہر کیا ہے، تاہم ان کا موجودہ حقیقی رقبہ نہیں بتایا گیا۔ اس پر ٹریبونل نے کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ گمشدہ معلومات حاصل کرکے ہر آبی پناہ گاہ کے محکمہ مال کے ریکارڈ میں درج رقبے اور اس کے موجودہ حقیقی رقبے کا تقابلی جائزہ پیش کرے۔
یہ ہدایات کشمیر کی آبی پناہ گاہوں کے تحفظ سے متعلق ایک معاملے کی سماعت کے دوران جاری کی گئیں۔ اس معاملے میں جموں و کشمیر کی جھیلوں اور آبی پناہ گاہوں کے سکڑنے اور بعض کے وجود سے محروم ہونے سے متعلق ایک خبر کی بنیاد پر دائر معاملہ بھی شامل ہے۔
این جی ٹی کے چیئرمین جسٹس پرکاش شریواستو کی سربراہی میں قائم بنچ، جس میں ماہر ارکان اے سنتھیل ویل اور افروز احمد بھی شامل تھے، نے جے کے پی سی سی کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ سماعت سے کم از کم ایک دن قبل تازہ رپورٹ داخل کرے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت۲۶فروری۲۰۲۷ کو مقرر کی گئی ہے۔
ٹریبونل نے بتایا کہ جے کے پی سی سی نے یکم اکتوبر۲۰۲۶کو ایک رپورٹ پیش کی تھی، جس میں جنگلاتی علاقوں سے باہر واقع ایک ہیکٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلی۲۷ آبی پناہ گاہوں کی تفصیلات فراہم کی گئی تھیں۔ تاہم یہ رپورٹ نامکمل پائی گئی، کیونکہ بعض اضلاع سے متعلق معلومات ابھی موصول ہونا باقی تھیں۔
ٹریبونل کے سامنے پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق جموں اور کپواڑہ کے ڈپٹی کمشنروں سے آبی پناہ گاہوں سے متعلق معلومات موصول ہونا باقی تھیں۔ جے کے پی سی سی کے ممبر سیکریٹری نے ٹریبونل کو بتایا کہ دونوں اضلاع سے زیر التوا معلومات حاصل کرنے کے بعد تازہ اور مکمل رپورٹ پیش کی جائے گی۔
رپورٹ میں کئی آبی پناہ گاہوں کے پانی کے معیار سے متعلق بھی تشویش ناک صورتحال سامنے آئی ہے۔ جموں میں جمع کیے گئے پانی کے تین نمونوں میں سے کوئی بھی بیرونی غسل کے لیے مقررہ بنیادی معیار (کلاس بی) پر پورا نہیں اترا۔
سانبہ میں شناخت شدہ نو نمونوں میں سے صرف دو مقررہ کلاس بی معیار کے مطابق پائے گئے، جبکہ کٹھوعہ سے حاصل کیا گیا نمونہ مقررہ معیار پر پورا اترا۔
کشمیر کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ کپواڑہ کی چھ آبی پناہ گاہوں سے حاصل کیے گئے نمونوں میں سے چار مقررہ کلاس بی بنیادی آبی معیار کے مطابق نہیں تھے۔ اس کی بنیادی وجہ پانی میں حیاتیاتی آکسیجن کی طلب (بی او ڈی) کی مقررہ حد سے زیادہ مقدار بتائی گئی ہے۔
اسی طرح بارہمولہ کی رَکھی دَسلی پورہ آبی پناہ گاہ کا پانی بھی حیاتیاتی آکسیجن کی طلب اور تحلیل شدہ آکسیجن کی مقدار کے حوالے سے مقررہ معیار پر پورا نہیں اترا۔
جے کے پی سی سی نے ان آبی پناہ گاہوں میں ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کے ذمہ دار افراد، اداروں یا محکموں کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں، جو پانی کے مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے والی آبی پناہ گاہوں سے متعلق ہیں۔ اس کا مقصد خلاف ورزیوں کے خلاف اصلاحی، تدارکی اور تادیبی کارروائی عمل میں لانا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رَکھی دَسلی پورہ آبی پناہ گاہ موقع پر موجود نہیں پائی گئی، جبکہ اس علاقے کی ملکیتی اراضی کو دھان کی کاشت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب سانبہ کی ماوسر آبی پناہ گاہ میں گھریلو گندے پانی کو آلودگی کا ایک ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔
ٹریبونل نے مکمل اور درست اعداد و شمار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جے کے پی سی سی کو ہدایت دی کہ وہ آبی پناہ گاہوں کے حقیقی موجودہ رقبے کی تفصیلات فراہم کرے اور ان کا محکمہ مال کے ریکارڈ میں درج رقبے کے ساتھ تقابلی جائزہ پیش کرے، تاکہ آئندہ سماعت کے دوران معاملے کا مزید جائزہ لیا جا سکے۔ (ایجنسیاں)
۔۔۔۔۔۔۔
(ویب ڈیسک)










