بانہال؍۹نومبر
جموں سرینگر قومی شاہراہ (این ایچ۴۴) پر پیر کے روز بانہال کے قریب ایک سوئفٹ کار سڑک کنارے پل کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ شاہراہ پر شبن باس کے قریب پیش آیا، جہاں ایک سوئفٹ کار پل کی حفاظتی دیوار سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں دو افراد کی موت واقع ہو گئی جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لیے بانہال اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا، حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
دریں اثنا سانبہ ضلع میں پیر کے روز رائے پور موڑ کے نزدیک ایک میٹاڈور گاڑی الٹ جانے کے نتیجے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوگئے، جن میں گاڑی کا ہیلپر بھی شامل ہے۔
سرکاری ذرائع نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ایک میٹاڈور سانبہ سے پنگدور کی جانب جا رہی تھی کہ رائے پور موڑ کے نزدیک ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں میٹاڈور سڑک کے ساتھ واقع ایک کھیت میں الٹ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں گاڑی کے ہیلپر سمیت سات افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے ضلع اسپتال سانبہ منتقل کیا گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق زخمیوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
ادھر حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
۔۔۔(ایجنسیاں )










