(ایجنسیاں )
سرینگر؍۴نومبر
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے کے ڈانگرپورہ سے تعلق رکھنے والا ایک میڈیکل طالب علم بنگلہ دیش میں مردہ پایا گیا، جس کے بعد اس کے اہل خانہ شدید صدمے سے دوچار ہیں۔
اہل خانہ کے مطابق عدنان تقریباً ۱۵ روز قبل اپنی والدہ کے ہمراہ بنگلہ دیش گیا تھا، جہاں اسے آخری سمسٹر کے پہلے امتحان میں شرکت کرنا تھی۔
خاندان نے بتایا کہ دو روز قبل عدنان سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا، جس کے بعد انہیں اس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، اہل خانہ کے ایک رکن نے بتایا، ’’منگل کی شام ہمیں اطلاع دی گئی کہ ہمارے عزیز کو ایک آبی ذخیرے کے قریب مردہ پایا گیا ہے۔‘‘
جاں بحق طالب علم کی شناخت عدنان احمد راتھر ولد محمد الطاف راتھر کے طور پر کی گئی ہے، جو بنگلہ دیش میں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کر رہا تھا اور اپنے کورس کے آخری سمسٹر میں تھا۔
اہل خانہ نے حکومت ہند سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرے، بنگلہ دیشی حکام کے ساتھ رابطہ قائم کرے اور عدنان کی میت جلد از جلد وطن واپس لانے کو یقینی بنائے۔










