سرینگر//
جموں کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس پنکج متھل نے آج سرینگر میں چیف جسٹس کورٹ روم میں نئے تعینات ہونے والے جج جسٹس راجیش سیکھری کو جموں کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے عہدے کا حلف دِلایا۔
حلف برداری کی تقریب میں جسٹس علی محمد ماگرے، جسٹس سنجیو کمار، جسٹس سندھو شرما، جسٹس سنجے دھر، جسٹس جاوید اقبال وانی، جسٹس محمد اکرم چودھری اور جسٹس موکشا کھجوریہ کاظمی نے شرکت کی جبکہ جسٹس تاشی ربستان، جسٹس رجنیش اوسوال، جسٹس ونود چٹرجی کول، جسٹس پونیت گپتا، جسٹس موہن لال، جسٹس راہل بھارتی اور جسٹس وسیم صادق نرگل نے جموں سے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ تقریب میںحصہ لیا۔
حلف برداری کی تقریب کی کارروائی جموںوکشمیر او رلداخ ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل سنجیو گپتا نے اَنجام دی جنہوں نے مرکزی حکومت وزارتِ قانون و اِنصاف سے موصول ہونے والے نوٹیفکیشن کے اِقتباسات صدر ہند کی طرف سے وارنٹ آف اپوئنٹمنٹ اور لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے اِختیاری خط جس میں چیف جسٹس جموںوکشمیر ہائی کورٹ کے نئے جج کو حلف دِلانے کے اِختیارات پڑھ کر سُنایا۔
تقریب میں ہائی کورٹ کے سابق ججوں، ایڈووکیٹ جنرل، ایڈیشنل سیکرٹری قانون، انصاف اور پارلیمانی امور، اسسٹنٹ سالیسٹر جنرل آف انڈیاسری نگر، چیئرمین/کنوینر بار ایسوسی ایشن سرینگر، پرنسپل ڈسٹرکٹ جج اور چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگر ، عدالتی اَفسران ، اَفسران اور رجسٹری عملہ نے بھی شرکت کی۔
یہ پروگرام یوٹیوب چینل پر بھی براہ راست نشر کیا گیا۔
جسٹس راجیش سیکھری کے جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر ترقی کے ساتھ ہی جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ججوں کی تعداد ۱۷کی منظور شدہ تعداد کے مقابلے میں چیف جسٹس سمیت۱۶ججوں تک پہنچ گئی ہے۔