نئی دہلی، 18 ستمبر (یو این آئی) صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے جمعہ کو یہاں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر (این آئی ایچ ایف ڈبلیو) میں ‘ مریضوں کی سلامتی کا عالمی دن 2026’ کا اہتمام کیا۔
صحت و خاندانی بہبودکی مرکزی وزارتِ نے بتایا کہ اس سال کا موضوع "غیرمتعدی امراض (این سی ڈی) کے لیے محفوظ دیکھ بھال” رکھا گیا۔ پروگرام کا مقصد غیر متعدی امراض کی روک تھام، تشخیص، علاج اور طویل مدتی انتظام کے تمام مراحل میں مریضوں کی سلامتی اور صحت کی خدمات کے معیار کو مضبوط بنانا تھا۔ اس موقع پر پالیسی ساز، صحت کی دیکھ بھال کے ماہرین، معالجین، کوالٹی مینیجرز اور ریاستوں و مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے نمائندے موجود تھے۔
وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کی ایڈیشنل سکریٹری اور نیشنل ہیلتھ مشن کی مشن ڈائریکٹر آرادھنا پٹنائک نے کہا کہ مریضوں کی سلامتی کسی ایک پروگرام یا شعبے کی ذمہ داری نہیں ہو سکتی، بلکہ اسے پورے نظامِ صحت میں شامل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر متعدی امراض کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے کے لیے مریضوں کی سلامتی کو مضبوط بنانا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کوالٹی کی ضمانت کے لیے ایک منظم اور وقت کے ساتھ جڑے ہوئے نقطہ نظر کو اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں تقریباً 63 فیصد اموات غیر متعدی امراض کے باعث ہوتی ہیں۔ انہوں نے ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز میں ریفرل سسٹم اور دیکھ بھال کے تسلسل کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ مریضوں کو بروقت مناسب سہولیات مل سکیں۔
محترمہ پٹنائک نے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں سے کوالٹی میں بہتری کی کوششوں کو تیز کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے مارچ 2027 تک آیوشمان آروگیہ مندر- سب ہیلتھ سینٹر کا 100 فیصد ‘نیشنل کوالٹی اشورینس اسٹینڈرڈز’ (این کیو اے ایس) سرٹیفکیشن حاصل کرنے اور اس کے بعد پرائمری ہیلتھ سینٹرز کی سرٹیفکیشن کے لیے ایک واضح حکمتِ عملی بنانے پر زور دیا۔
افتتاحی سیشن کے اختتام پر ‘ مریضوں کی سلامتی’ کا حلف دلایا گیا۔ تکنیکی سیشن میں غیر متعدی امراض کے لیئے محفوظ دیکھ بھال، ڈیجیٹل ہیلتھ کے استعمال، تشخیصی طریقہ کار میں سلامتی اور ادویات کی سلامتی جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔








