نئی دہلی، 31 اکتوبر (یو این آئی) شمال مغربی دہلی کے جہاںگیر پوری میں جمعہ کو شراب کے عادی ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے ہی گھر میں آگ لگا دی۔ واقعے کے وقت اس کے والدین گھر کے اندر موجود تھے۔ آگ لگنے کے دوران وہاں ایک گیس سلنڈر بھی پھٹ گیا، جس کی زد میں آکر ایک فائر فائٹر زخمی ہوگیا۔
یہ واقعہ شمال مغربی دہلی کے جہاںگیر پوری میں پیش آیا۔ پولیس کنٹرول روم کو صبح تقریباً 11:26 بجے اس سلسلے میں اطلاع ملی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جیسے ہی انہوں نے سلنڈر پھٹنے کی آواز سنی، اچانک اٹھتے دھوئیں کے بادل اور زوردار دھماکے سے علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ پولیس کے مطابق، جب دہلی فائر سروس کی ٹیم آگ بجھانے میں مصروف تھی، اسی دوران ایک گیس سلنڈر پھٹ گیا۔ اس حادثے میں 32 سالہ فائر فائٹر انکت کے چہرے، بالوں اور دونوں ہاتھوں پر معمولی جھلسنے کے زخم آئے ہیں۔ اسے پہلے بابو جگ جیون رام میموریل اسپتال لے جایا گیا اور بعد میں بہتر علاج کے لیے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) منتقل کردیا گیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ شخص شراب پینے کا عادی ہے اور اس کی عمر 30 سال ہے۔ جس وقت اس نے مبینہ طور پر گھر میں آگ لگائی، اس وقت اس کے والدین گھر کے اندر ہی موجود تھے۔ پولیس نے اس معاملے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے جانچ شروع کردی ہے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اس واقعے کے سلسلے میں مذکورہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔







