ڈوڈہ؍۱۰ستمبر
جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے بلاک جکایاس میں تعینات ایک پنچایت سیکریٹری کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مبینہ بدعنوانی سے متعلق ویڈیو کے بعد معطل کردیا گیا ہے۔
دیہی ترقی محکمہ جموں کی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری سرکاری حکم نامے کے مطابق چنچل سنگھ، پنچایت سیکریٹری، بلاک جکایاس، ضلع ڈوڈہ کو معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق معطلی کی مدت کے دوران چنچل سنگھ کو اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، اودھم پور کے دفتر کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔
محکمے نے معاملے کی تفصیلی تحقیقات کے لیے نیرج شرما، جے کے اے ایس، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت، کشتواڑ کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے۔
انکوائری افسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ الزامات کی تفصیلی جانچ کریں، اپنے نتائج مرتب کریں اور۱۵ روز کے اندر انکوائری رپورٹ مخصوص سفارشات کے ساتھ پیش کریں۔
حکم نامے کی نقول حکومت کے محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے سیکریٹری، ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ڈوڈہ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ڈوڈہ/اودھم پور اور دیگر متعلقہ افسران کو بھی معلومات اور ضروری کارروائی کے لیے ارسال کردی گئی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔ایجنسیاں










