نئی دہلی، 09 ستمبر (یو این آئی) ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اپنی کارروائی کو مزید تیز کرتے ہوئے گزشتہ پندرہ دن کے دوران ملک بھر میں آٹھ بڑی مہمات چلائیں، جن میں تقریباً 740 کلوگرام گانجہ اور چرس ضبط کی گئی اور کل 13 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وزارت مالیات کی جانب سے بدھ کے روز بتایا گیا کہ چھتیس گڑھ میں رائے پور کے قریب اولڈ دھمتری روڈ پر 8 ستمبر کو ڈی آر آئی حکام نے وشاکھاپٹنم سے آنے والے دو ٹرکوں سے 375.95 کلوگرام گانجہ برآمد کیا اور چار افراد کو گرفتار کیا۔ اس سے پہلے 26 اگست کو بھی رائے پور کے قریب ایک ٹرک سے 124 کلوگرام گانجہ ضبط کر کے ایک شخص کو پکڑا گیا تھا۔ وہیں پٹنہ کے قریب اورنگ آباد-پٹنہ شاہراہ پر ایک ٹرک کا پیچھا کرتے وقت حکام پر حملہ ہوا، جس میں ایک اہلکار زخمی ہو گیا، تاہم ٹرک سے 140.5 کلوگرام گانجہ برآمد ہوا۔ پنجاب کے لدھیانہ کے قریب ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران فرش میں بنے خفیہ خانوں سے 69 کلوگرام گانجہ برآمد کرنے کے ساتھ ہی دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اتر پردیش میں گورکھپور ریلوے اسٹیشن پر امرناتھ ایکسپریس میں سفر کرنے والے تین افراد سے تقریباً 5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جو نیپال سے اسمگل کر کے لائی گئی تھی اور مسافروں نے اسے رانوں پر لپیٹ کر ساڑیوں میں چھپا رکھا تھا۔ اس کے علاوہ حیدرآباد اور بنگلورو ہوائی اڈوں پر ہنوئی اور بنکاک سے آنے والے تین مسافروں سے بھی تقریباً 24.6 کلوگرام اعلیٰ معیار کا گانجہ برآمد ہوا۔
ڈی آر آئی کا کہنا ہے کہ یہ مہمات سڑک، ریل اور فضائی راستوں سے ہو رہی اسمگلنگ پر اس کی مسلسل نگرانی کو ظاہر کرتی ہیں، جن میں اسمگلر گاڑیوں کے خفیہ خانوں اور سامان میں کھیپ چھپانے کے نئے نئے طریقے اپنا رہے ہیں۔







