سیاستدان دعوے اور وعدے کرنے میں ماہر ہیں…. ماہر کیا، ہمارا ماننا ہے کہ دعوے اور وعدے کرنے کا حق صرف سیاستدانوں کو ہی ہونا چاہئے، کسی عام خام کو نہیں…. بالکل بھی نہیں…. کہ جو بات سیاستدانوں کے دعوؤں اور وعدوں میں ہے، وہ کسی اور کے دعوؤں اور وعدوں میں نہیں ہے اور…. اور بالکل بھی نہیں۔ ان کے دعوؤں اور وعدوں میں رفتار ہے، یعنی یہ دعوے اور وعدے کرنے میں سب سے آگے رہتے ہیں، ان کے دعوؤں اور وعدوں میں چال اور کپٹ ہے، ان کے دعوؤں اور وعدوں میں جھوٹ اور فریب ہے، ان کے دعوؤں اور وعدوں میں مکر اور فریب ہے…. اور…. اور سب سے بڑھ کر ان کے دعوؤں اور وعدوں میں ایک ادا ہے…. ایسی ادا جو صرف سیاستدانوں کے پاس ہے، کسی اور کے پاس نہیں کہ…. کہ یہ دعوے اور وعدے بھی کچھ اس ادا سے کرتے ہیں کہ اس پر یقین نہیں بلکہ سو فیصد یقین کرنے کو جی چاہتا ہے۔آئے روز کشمیر میں سیاسی جماعتیں دعوے اور وعدے کرتی رہتی ہیں…. یکساں دعوے اور وعدے، یہ دعوے اور وعدے ایک جیسے ہوتے ہیں…. الفاظ ایک جیسے نہیں ہوتے ہیں، لیکن ان کا مفہوم، ان کے معنی ایک جیسے ہی ہوتے ہیں…. شہد اور دودھ کی نہریں بہانے کے وعدے…. آسمانوں سے چاند ستارے لانے کے وعدے…. غریبوں کو ختم، معاف کیجئے، غریبی کو ختم کرنے کے وعدے…. روزگار فراہم…. ہر کسی کو روزگار فراہم کرنے کے وعدے…. زندگی کو سہل اور آسان بنانے کے وعدے اور…. اور بھی بہت کچھ، لیکن صاحب جب ان دعوؤں اور وعدوں کو عملانے کی باری آتی ہے تو…. تو سیاسی جماعتیں، اور اللہ میاں کی قسم، اس میں کوئی استثنیٰ نہیں ہے…. بالکل بھی نہیں ہے…. ان سب دعوؤں اور وعدوں سے مکر جاتی ہیں۔اس وقت جو حکومت کر رہے ہیں…. وہ ابھی مکر تو نہیں گئے…. لیکن کچھ کرتے بھی نہیں ہیں…. ان دعوؤں اور وعدوں کو پورا کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں کر رہے ہیں…. ’ہم کچھ نہیں کر سکتے ہیں‘ کی آڑ میں یہ کچھ نہیں کر رہے ہیں…. لیکن…. لیکن اس میں برا ماننے کی بھی کوئی بات نہیں ہے اور…. اور اس لیے نہیں ہے کیوں کہ سیاستدانوں کے پاس کرنے کو تو کچھ ہوتا نہیں ہے اور…. اور بالکل بھی نہیں ہوتا ہے…. سوائے دعوؤں اور وعدوں کے…. نہیں صاحب، ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ سیاستدان کچھ نہیں کرتے ہیں…. ماشاء اللہ، وہ بہت کچھ کرتے ہیں…. اپنے لیے کرتے ہیں اور…. اور اپنوں کے لیے بھی…. عام جنتا کے لیے نہیں…. آپ اور ہمارے لیے نہیں…. بالکل بھی نہیں کہ…. کہ آپ اور ہمارے لیے وہ دعوے اور وعدے کرتے ہیں…. اور کچھ نہیں…. بالکل بھی نہیں۔ ہے نا؟
۔۔۔۔۔۔۔




