جموں//
پولیس نے منگل کو کہا کہ جموں کے باہو فورٹ علاقے میں اس نے بین الاقوامی مارکیٹ میں ۲۴کروڑ روپے کی مالیت کی۱۲ کلو گرام ہیروئن اور۱۱ لاکھ روپے کی نقدی برآمد کی ہے۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ برآمدگی کے سلسلے میں تین پیڈلرز کو گرفتار کیا گیا۔
اے ڈی جی پی جموں‘ مکیش سنگھ (آئی پی ایس) نے بیان میں کہا کہ ’’ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ ہیروئن کوڈرون کے ذریعے سرحد پار سے گرایا گیا۔
سنگھ نے کہا’’ایک بڑی کامیابی میں جموں پولیس نے ایک خاص اطلاع پر کام کرتے ہوئے پولیس تھانہ باہو فورٹ کے دائرہ اختیار میں قائم ایک خصوصی ناکے پر ۱۲ کلوگرام ہیروئن اور تقریباً ۱۱ لاکھ روپے نقد برآمد کی ہے۔ پکڑی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں تقریباً ۲۴ کروڑ روپے مالیت ہے‘‘۔
تفصیلات بتاتے ہوئے اے ڈی جی پی جموں نے کہا کہ ایس ایس پی جموں چندن کوہلی (آئی پی ایس) کی قیادت میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کام کرتے ہوئے پی ایس باہو فورٹ کے دائرہ اختیار میں ایک خصوصی ناکا لگایا۔ یہ ٹیم ایس پی ساؤتھ ممتا شرما، ایس ڈی پی او ایسٹ سید ظہیر عباس جعفری کی نگرانی میں تشکیل دی گئی تھی اور اس کی قیادت پی ایس باہو فورٹ کے ایس ایچ او انسپکٹر نیات علی کر رہے تھے۔
اے ڈی جی پی جموں نے کہا’’ایک ورنا کار میں سفر کرنے والے تین مشتبہ افراد کو پکڑا گیا اور ان کی تلاشی کے دوران ان کے پاس سے ۱۲ کلو گرام ہیروئن اور ۱۱ گیارہ روپے نقد برآمد ہوئے‘‘۔ انہوں نے کہا، مقدمہ ایف آئی آر نمبر۱۹۷/۲۰۲۲ متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن باہو فورٹ میں درج کیا گیا ہے اور ۳ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سنگھ نے کہا کہ ان کی شناخت سروان سنگھ ولد کالا سنگھ، ملکیت سنگھ ولد گرمیت سنگھ اور بلبیر سنگھ ولد بلبندر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، جو تمام امرتسر کے رہنے والے ہیں۔