سیلاب کا خطرہ ٹلنے لگا‘آبی ذخائر کی سطح میں کمی کا رجحان‘مزید بارشوں کا امکان
ایجنسیاں
سرینگر؍۲۵جولائی
وادی کشمیر میں ہفتہ کے روز مسلسل پانچویں دن بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، تاہم بیشتر دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہونے سے سیلاب کے خطرات میں کمی آئی ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق وادی کے بیشتر علاقوں میں مسلسل پانچویں روز بھی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سرینگر سمیت کئی مقامات پر آخری اطلاعات موصول ہونے تک وقفے وقفے سے بارش جاری تھی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کشمیر کے بیشتر علاقوں میں جاری بارشوں کا موجودہ سلسلہ ہفتہ کی دیر دوپہر تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے بعد موسم میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ۲۸ سے۳۱ جولائی کے دوران وادی کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش کے ایک یا دو سلسلے متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ پانچ روز کے دوران چند حساس مقامات پر اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشے کا انتباہ بھی جاری رکھا ہے۔
گزشتہ پانچ روز کے دوران ہونے والی بارشوں کے باعث وادی کے بیشتر دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، تاہم حکام کے مطابق ہفتہ کی صبح سے ان میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔
حکام نے بتایا کہ ہفتہ سہ پہر تین بجے دریائے جہلم میں منشی باغ، سرینگر کے مقام پر پانی کی سطح۱۸ء۱۵فٹ ریکارڈ کی گئی، جو سیلاب کے اعلان کی حد۱۸فٹ سے معمولی زیادہ تھی۔تاہم انہوں نے کہا کہ ضلع اننت ناگ کے سنگم مقام پر دریائے جہلم کی سطح آب سیلابی حد سے نیچے آ چکی ہے۔
حکام کے مطابق معاون دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر آبی ذخائر میں بھی پانی کی سطح مسلسل کم ہو رہی ہے، جس سے وادی میں سیلاب کا خطرہ کافی حد تک کم ہوا ہے۔
اس کے باوجود انتظامیہ پوری صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔










