سرینگر/۲۲جولائی
نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی ان کی جماعت کی منزل مقصود ہے۔
جمعہ میں ایک تقریب سے خطاب میں داکٹر فاروق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے دروازے عوام دوست، عوام مقبول اور باصلاحیت لوگوں کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں اور پارٹی نے ہمیشہ ایسے افراد کا خیر مقدم کرکے عوام کے لئے کام کرنے کا موقعہ فراہم کیا ہے جن میں حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کا جذبہ ہوتا ہے ۔
فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ مساوات اور برابری میں یقین رکھا ہے اور آج بھی جماعت اسی اصول پر قائم و دائم ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس وقت جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کی جدوجہد میں مصروف ہے اور یہ لڑائی کسی ایک فرد یا جماعت کی نہیں بلکہ تینوں خطوں سے تعلق رکھنے والے ہر ایک طبقے ،ہر ایک فرد اور ہر ایک جماعت کی لڑائی ہے ۔
سابق وزےر اعلیٰ کے مطابق جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی ہماری منزل مقصود ہے لیکن ہمیں لوگوں کے روز مرہ کے مسائل و مشکلات اور چیلنجوں کو نظرانداز نہیں کرنا ہے بلکہ انہیں ہر سطح اور زور دار طریقے سے اُجاگر کرکے ان کا سدباب کرانے کی ہر ممکن کوشش کرنی ہے ۔