سرینگر/۲۲جولائی
جموںکشمیر کے پولیس کے سربراہ‘ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ایجنسیوں نے کشمیر میں ملی ٹنسی کی ایک نئی حکمت عملی اختیار کی ہے جس میں وہ چاہتے ہیں کہ بے گناہ شہریوں کا قتل ہوجائے لیکن قاتل نظر نہ آئے ۔
دلباغ نے ساتھ ہی کہا کہ لیکن قاتل قتل کرنے کے بعد بچ کے نکل جائے اس کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔
ڈی جی پی نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز ضلع اسلام آباد میں ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
دلباغ نے کہا”پاکستانی ایجنسیوں اور ہینڈلرس نے ملی ٹنسی کی ایک نئی حکمت عملی ایجاد کی ہے ابھی تک انہوں نے عام شہری کو قتل کرنے کا نیا طریقہ ڈھونڈا ہے کہ قتل بھی ہوجائے لیکن قاتل نظر نہ آئے “۔
پولیس سربراہ کا کہنا تھا”لیکن میں آپ کو یہ بتادوں کہ گناہ گار گناہ کرکے بچ کے نکل جائے اس کی کوئی گنجائش نہیں ہے “۔
دلباغ نے کہا کہ ابھی تک جتنے بھی گناہ گار اس بغیر چہرے کے ملی ٹنسی کا حصہ بنے ہیں‘ زیر زمین ماڈیولز کا حصہ بنے ہیں وہ ایک ایک کرکے بے نقاب ہوئے ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائیاں ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ پولیس کسی بھی قسم کے جرم کو نظر انداز کرتی ہے بلکہ سوشل کرائم سے بھی ہر سطح پر نمٹا جا رہا ہے ۔
پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ ملی ٹنسی سے ہر کسی کی زندگی متاثر ہوجاتی ہے ۔