جموں/۲۲جولائی
جموں میں کشمیری پنڈتوں نے اپنی مانگوں کو لے کر احتجاجی مظاہرئے کئے اور کافی دیر تک شاہراہ پر دھرنا دیا۔
مظاہرین نے بتایا کہ پچھلے 72 دنوں سے وہ احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے ان کی مانگوں کو پورا نہیں کیا جارہا ہے ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ کشمیری پنڈتوں کی ایک بڑی تعداد نے جمعے کے روز جموں میں انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔
ہاتھوں میں بینر اُٹھائے کشمیری پنڈت ملازمین نے سرکار کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔
مظاہرین کے مطابق کشمیری میں راہول بھٹ اور رجنی بالا کی ہلاکت کے بعد کشمیری پنڈت ملازمین نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ اُنہیں فوری طورپر جموں ٹرانسفر کیا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ 72دنوں سے وہ احتجاج کر رہے ہیں لیکن سرکار کی جانب سے اُن کی مانگ کو پورا نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ایم پیکیج اور نان پیکیج کے تحت کشمیر میں تعینات ملازمین جموں میں تعیناتی چاہتے ہیں۔
اُن کے مطابق وہ کسی بھی صور ت کشمیر نہیں جانا چاہتے کیونکہ وہاں پر اب بھی ملی ٹینسی جاری ہے جس وجہ سے اُن کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہے ۔
ملازمین کا مزید کہنا تھا کہ وہ پُر امن احتجاج کر رہے ہیں اور جب تک نہ اُن کی مانگوں کو پورا نہیں کیا جاتا وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔