نئی دہلی، 02 جون (یو این آئی) جنوب افریقہ کے نائب صدر شپوکوسا پاولس ماشاتیلے نے منگل کو یہاں نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھاکرشنن سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-جنوبی افریقہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بامقصد گفتگو کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، ہنرمندی کےفروغ اور عوامی تعلقات کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کی ترجیحات کو آگے بڑھانے اور برکس، جی-20، ابسا اور بحر ہند کے ساحلی ممالک کی تنظیم جیسے کثیر جہتی فورمز میں تعاون بڑھانے پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کی مکمل صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور کاروباروں اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس تناظر میں نائب صدر نے مجوزہ ہندوستان-جنوبی افریقی کسٹم یونین ترجیحی تجارتی معاہدے کا ذکر کیا اور مذاکرات کے جلد آغاز اور کامیاب تکمیل کی امید ظاہر کی۔ دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کا خیرمقدم کیا اور ہندوستان، برازیل اور جنوب افریقہ کی شرکت والی ‘ابسامار’ بحری مشقوں کے مستقبل کے ایڈیشنز سمیت تعاون کی توسیع کی امید ظاہر کی۔
نائب صدر نے چیتوں کی منتقلی کے ذریعے ہندوستان کے چیتا بحالی پروگرام کی حمایت کرنے پر جنوب افریقہ کا شکریہ ادا کیا۔ پروجیکٹ چیتا کی حوصلہ افزا پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اس منفرد تحفظاتی مہم میں جنوب افریقہ کے مسلسل تعاون کی امید ظاہر کی، جس میں قدرتی ماحول میں کامیاب افزائش نسل بھی شامل ہے۔ نائب صدر نے جنوبی افریقہ کو ہندوستان کی اہم کثیر جہتی پہلوں جیسے کہ بین الاقوامی شمسی اتحاد، آفات سے محفوظ بنیادی ڈھانچے کے اتحاد اور انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس میں شامل ہونے پر غور کرنے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ یہ پہلیں مشترکہ ترقی اور پائیداری کے مقاصد کے عین مطابق ہیں۔
اس میٹنگ نے ہندوستان اور جنوب افریقہ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور امن، خوشحالی، پائیدار ترقی اور گلوبل ساؤتھ (عالمی جنوب) کے مفادات کے لیے مل کر کام کرنے کے مشترکہ عزم کی توثیق کی۔ ان کے ساتھ جنوب افریقہ حکومت کے سینئر وزراء اور حکام کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود تھا۔










