نئی دہلی، 6 مئی (یواین آئی) ملک میں الیکٹرک مسافر گاڑیوں کی فروخت کا اعداد و شمار اس سال اپریل میں 75 فیصد کی بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے 23,506 یونٹ تک پہنچ گیا۔
گاڑی ڈیلروں کی اعلیٰ تنظیم فاڈا کی جانب سے بدھ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں کل 23,506 الیکٹرک مسافر گاڑیاں فروخت ہوئیں، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 75.14 فیصد زیادہ ہیں۔ اس زمرے میں 8,543 یونٹ کے ساتھ ٹاٹا موٹرز پہلے مقام پر رہی۔ اس کی فروخت میں 77.17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مہندرا اینڈ مہندرا کی فروخت 63.98 فیصد بڑھ کر 5,413 یونٹ اور جے ایس ڈبلیو ایم جی موٹر انڈیا کی 32.54 فیصد بڑھ کر 5,006 یونٹ تک پہنچ گئی۔
الیکٹرک دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت میں 0.73 فیصد کا سالانہ اضافہ ہوا اور یہ 148740 یونٹ رہی، تاہم ماہانہ بنیاد پر اس کی فروخت میں 22 فیصد کی کمی آئی۔ اس زمرے میں ٹی وی ایس موٹر کمپنی کی فروخت 88.64 فیصد بڑھ کر 37,683 یونٹ رہی۔ بجاج آٹو نے 32,898 اور ایتھر انرجی نے 27,034 دو پہیہ الیکٹرک گاڑیاں فروخت کیں، جن میں بالترتیب 71.68 فیصد اور 102.78 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔
تجارتی الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت 148.9 فیصد بڑھ کر 2,245 یونٹ رہی۔ اس میں 799 یونٹ کے ساتھ ٹاٹا موٹرز پہلے مقام پر رہی، جبکہ گزشتہ سال اپریل میں اس نے 265 تجارتی الیکٹرک گاڑیاں فروخت کی تھیں۔
دوسرے مقام پر یولر موٹرز اور تیسرے مقام پر مہندرا گروپ رہا۔ یولر موٹرز کی فروخت 12 گنا سے زیادہ بڑھ کر 518 یونٹ اور مہندرا گروپ کی تقریباً 70 فیصد بڑھ کر 285 یونٹ ہو گئی۔
تین پہیہ گاڑیوں کے زمرے میں فروخت 3.30 فیصد کی سست رفتار سے بڑھ کر 64,549 یونٹ رہی۔ اس میں 10,292 یونٹ کے ساتھ مہندرا گروپ پہلے، 9,725 یونٹ کے ساتھ بجاج آٹو دوسرے اور 3,046 یونٹ کے ساتھ ٹی وی ایس موٹر کمپنی تیسرے مقام پر رہی۔ ان کی فروخت میں بالترتیب 82.71 فیصد، 76.53 فیصد اور 152.36 فیصد اضافہ ہوا ہے۔










