’انتظامیہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مضبوط اسپورٹس کلچر کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے‘مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے ‘
(ڈی آئی پی آر)
سرینگر؍۴مئی
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ ’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘کے سفیر بنیں اور نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے اور کھیلوں کو اپنانے کی ترغیب دیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کشمیر یونیورسٹی میں آل انڈیا انٹر یونیورسٹی ووشو چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اپنے خطاب میں سنہا نے کہا کہ انتظامیہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مضبوط اسپورٹس کلچر کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ ہر طالب علم کو صحت مند اور فعال طرزِ زندگی اپنانے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ایل جی نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ محض ایک کھیلوں کا مقابلہ نہیں بلکہ ’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے تصور کی جیتی جاگتی مثال ہے، جو اتحاد، نظم و ضبط، عمدگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیتی ہے۔
ایل جی نے کہا’’یہ چیمپئن شپ کھیل کے اس حقیقی جذبے کو تازہ کرنے کی ذمہ داری بھی رکھتی ہے جو مقابلے سے بالاتر ہو کر ہمیں ہماری اعلیٰ انسانی اقدار سے جوڑتا ہے۔ کشمیر یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی یہ چیمپئن شپ نہ صرف شاندار مقابلوں بلکہ دوستی کے رشتوں، رکاوٹوں کے خاتمے اور ایک متحد، پرعزم اور ہمدرد بھارتی خاندان کے احساس کے لیے یاد رکھی جائے گی‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ووشو کی سخت تربیت نوجوانوں کی مضبوطی اور حوصلے کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ یہ مقابلہ ثقافتی تبادلے کا بھی ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں حریف دوست بن جاتے ہیں۔
ایل جی نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے موبائل فون سے مختصر ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کریں تاکہ منشیات کے خلاف بیداری پھیلائی جا سکے اور دوسروں کو کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔
سنہا نے مزید کہا’’آپ نئی نسل کے رول ماڈل ہیں۔ آپ کا پیغام نوجوانوں کو صحیح راستہ اختیار کرنے کی ترغیب دے گا‘‘۔
اس چیمپئن شپ میں ملک بھر کی۱۵۰سے زائد یونیورسٹیوں اور ایک ہزار سے زیادہ کھلاڑیوں نے شرکت کی ہے، جہاں مرد و خواتین دونوں کے مقابلے منعقد ہو رہے ہیں، جو اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور شمولیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
یہ چھ روزہ چیمپئن شپ ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز کے زیر اہتمام منعقد ہو رہی ہے، جس میں ووشو کے مختلف مقابلے اور کیٹیگریز شامل ہیں۔
تقریب میں وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلوفر خان، کمشنر سیکریٹری یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، کمشنر سیکریٹری ہائر ایجوکیشن رام نیواس شرما، ڈپٹی کمشنر سرینگر اکشے لابرو، رجسٹرار کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نصیر اقبال سمیت دیگر اعلیٰ حکام، کھیلوں کی شخصیات، کوچز اور شائقین نے شرکت کی۔










