سرینگر؍۲۳؍ اپریل
جموں و کشمیر کے ضلع شوپیاں میں پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے کینائن یونٹ (نارکوٹک ڈاگ اسکواڈ) تعینات کر دیا ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘کے تحت شوپیاں پولیس نے سی آر پی ایف کی۱۴ویں بٹالین کے تعاون سے یہ اقدام اٹھایا ہے تاکہ ضلع میں منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔
حکام نے بتایا کہ خصوصی مہم کے تحت تربیت یافتہ سونگھنے والے کتوں کو مختلف چیک پوائنٹس پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ چھپائی گئی منشیات کی نشاندہی کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کینائن یونٹ خفیہ طور پر چھپائے گئے ممنوعہ مادے کی شناخت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جس سے بروقت برآمدگی اور ملوث افراد کی گرفتاری ممکن ہوتی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد منشیات کی سپلائی چین کو توڑنا اور منشیات فروشوں کے لیے سخت رکاوٹ پیدا کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس عوام میں آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے تاکہ ایک منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
ضلع بھر میں گاڑیوں کی چیکنگ بھی سخت کر دی گئی ہے، جہاں مشتبہ گاڑیوں کی ناکہ پوائنٹس پر مکمل تلاشی لی جا رہی ہے اور اس عمل میں طے شدہ ضابطوں کی مکمل پاسداری کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں تین مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ہیروئن جیسا مادہ برآمد کیا گیا ہے۔
’نشہ مکت ابھیان‘کے تحت جاری مہم کے دوران پولیس کی ایک ٹیم وجے پور علاقے میں رکھ بروتیان کی جانب جانے والی لنک روڈ پر چیکنگ کر رہی تھی، جب انہوں نے ایک اسکوٹی پر سوار تین افراد کو روکا۔
تلاشی کے دوران تینوں افراد‘ جن کی شناخت راہول شرما، سنجو بھگت اور نرمل کمار کے طور پر ہوئی ہے اور جو سب کے سب جموں کے رہائشی ہیں ‘کے قبضے سے ہیروئن جیسا مادہ برآمد ہوا۔
پولیس نے منشیات کے ساتھ گاڑی کو بھی ضبط کر لیا ہے۔ وجے پور پولیس اسٹیشن میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
دریں اثنا، انتظامیہ نے جمعرات کو یہاں مبینہ منشیات فروشوں کے تین مکانات کو منہدم کر دیا، حکام نے بتایا۔
بھاری تعداد میں پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی تعیناتی کے درمیان، حکام نے راجیو نگر علاقے میں وہ ڈھانچے گرا دیے جو مبینہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ رقم سے تعمیر کیے گئے تھے۔
ایک سینئر افسر نے کہا کہ یہ کارروائی علاقے میں بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔
افسر نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے دو سے تین ماہ قبل بھی یہاں اسی طرح کی کارروائی کی تھی۔ اس دوران مزید منشیات فروشوں کی نشاندہی ہوئی ہے جو اس وقت مفرور ہیں۔ منشیات کے کاروبار سے حاصل رقم سے بنائے گئے غیر قانونی ڈھانچے آج گرائے جا رہے ہیں۔ تین ڈھانچوں کو مسمار کیا جا رہا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا’’منشیات سے متعلق سرگرمیاں ہمارے معاشرے کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور ہمارے بچوں کو تباہ کر رہی ہیں۔ ہم اپنے نوجوانوں کو کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا چاہتے ہیں۔ یہ کوشش قوم کی ترقی اور خوشحالی میں ہمارا حصہ ہے‘‘۔
حکام نے دہرایا کہ انتظامیہ خطے میں منشیات کے نیٹ ورکس اور ان کے اثاثوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔
(ویب ڈیسک )










