ایجنسیز
پونچھ؍۲۴مارچ
ضلع پونچھ کے سرنکوٹ پولیس اسٹیشن نے ایک اہم کارروائی کے دوران مختلف فوجداری مقدمات میں مطلوب پانچ مفرور ملزمان کو گرفتار کر لیا، جو طویل عرصے سے قانون کی گرفت سے باہر تھے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایس ڈی پی او سرنکوٹ کی نگرانی میں انجام دی گئی، جس کے تحت خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ مصدقہ اطلاعات اور مسلسل کوششوں کے بعد پولیس نے مفرور ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں حراست میں لیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت بشارت حسین ولد محمد بشیر ساکن سنگلہ، سرنکوٹ ‘ محمد اقبال ولد محمد شریف، غلام احمد ولد باغ حسین اور محمد شریف ولد فتح محمد (ذات گجر) محمد اکرم ولد عبداللہ ساکن سنگلہ، سرنکوٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔
پولیس نے بتایا کہ تمام گرفتار افراد کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔
ضلع پولیس پونچھ نے اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔










