نئی دہلی، 16 مارچ (یو این آئی) راجیہ سبھا کے اتوار کو منعقد ہونے والے دو سالہ انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے بہار کی تمام پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی جبکہ اڈیشہ میں بی جے پی نے دو نشستیں جیت لیں اور اس کی حمایت سے ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا۔
بہار میں اپوزیشن کے مہاگٹھ بندھن کے چار ارکانِ اسمبلی ووٹنگ کے دوران غیر حاضر رہے جبکہ اڈیشہ میں اپوزیشن جماعت بیجو جنتا دل کے کچھ ارکان نے پارٹی لائن سے ہٹ کر ووٹ دیا۔
ہریانہ میں خبر لکھے جانے تک نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ وہاں دو نشستوں کے لیے بی جے پی کے سنجے بھاٹیا، کانگریس کے کرم ویر سنگھ بودھ اور آزاد امیدوار ستیش ناندل کے درمیان مقابلہ ہے۔
دس ریاستوں کی 37 نشستوں کے لیے ہونے والے ان انتخابات میں سات ریاستوں سے 26 امیدوار 9 مارچ کو نام واپس لینے کے آخری دن ہی بلا مقابلہ منتخب ہو گئے تھے۔
آج جن امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا ان میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، بی جے پی کے صدر نتن نبین، مرکزی وزیر اور جنتا دل (یو) کے رہنما رام ناتھ ٹھاکر اور نیشنل لوک مورچہ کے سربراہ اوپیندر کشواہا شامل ہیں۔









