ایجنسیز
سرینگر؍۱۷مارچ
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سیاحتی مقام پہلگام میں منگل کی صبح ایک ہوٹل میں زبردست آگ بھڑک اٹھی، حکام نے بتایا۔
اگرچہ آگ لگنے کے واقعے میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم قریب ہی ایک اور ہوٹل کا ملازم اس وقت جان کی بازی ہار گیا جب مبینہ طور پر فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی، جو آگ بجھانے کے بعد ریورس ہو رہی تھی، اس سے ٹکرا گئی۔
حکام کے مطابق آگ نے ہوٹل’اسل ریزورٹ‘ کی تین عمارتوں اور ایک گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ پر قابو پانے کے لیے کئی فائر ٹینڈرز کو موقع پر تعینات کیا گیا، تاہم جائے وقوعہ پر ایل پی جی سلنڈرز کے یکے بعد دیگرے دھماکوں نے ریسکیو آپریشن کو مشکل بنا دیا۔
بعد ازاں صورتحال پر قابو پا لیا گیا، لیکن واقعے میں ہوٹل کی تین عمارتیں اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔
آگ لگنے کی وجہ کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔










