نئی دہلی، 05 مارچ (یواین آئی) ٹاٹا گروپ کی ایئر لائن کمپنی ایئر انڈیا نے ویتنام اور جاپان کے لیے نئی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایئر لائن نے جمعرات کو ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ وہ یکم مئی سے دہلی سے ویتنام کے ہنوئی کے لیے اور 15 جون سے ممبئی سے جاپان کے ٹوکیو ہنیڈا ایئرپورٹ کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرے گی۔ ہو چی منہ سٹی کے بعد ہنوئی ویتنام میں ایئر انڈیا کے نیٹ ورک میں شامل ہونے والا دوسرا شہر ہوگا۔ اسی طرح دہلی کے بعد ممبئی دوسرا شہر ہوگا جہاں سے ایئر انڈیا ٹوکیو (ہنیڈا) کے لیے پرواز شروع کر رہی ہے۔
دہلی سے ہنوئی کی پرواز منگل اور جمعرات کو چھوڑ کر ہفتے میں پانچ دن دستیاب ہوگی۔ اس روٹ پر اے320 نیو طیارے کا آپریشن کیا جائے گا۔ ممبئی سے ٹوکیو ہنیڈا کی پرواز پیر، بدھ، جمعہ اور اتوار کو روانہ ہوگی۔ اس راستے پر کمپنی بوئنگ 787-8 طیارے کا آپریشن کرے گی۔ ایئر انڈیا نے بتایا کہ اس کا آل نپون ایئرویز کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدہ ہے، جس کے تحت مسافر ایک ہی ٹکٹ پر ٹوکیو کے راستے جاپان کے فُکُوؤکا، ہیروشیما، ناگویا، اوکیناوا، اوساکا اور ساپورو کے لیے بکنگ کرا سکیں گے۔
ایئر انڈیا کے چیف کمرشل آفیسر نپُن اگروال نے کہا کہ نجکاری کے بعد سے ایئر انڈیا نے جنوب مشرقی ایشیا اور مشرق بعید میں اپنے نیٹ ورک میں کافی توسیع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مسافروں کے درمیان جاپان اور ویتنام دونوں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے ساتھ ہندوستان کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔
پریس ریلیز میں جاپان کے نیشنل ٹورزم آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سال 2025 میں وہاں 3,15,000 ہندوستانی سیاح پہنچے، جو 35 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ ویتنام میں گزشتہ سال سیاحوں کی کل تعداد دو کروڑ سے زیادہ رہی۔










