سرینگر: حکام نے بتایا کہ پیر کے روز سری نگر کے پارمپورہ میں ٹویوٹا شو روم کے قریب آئل ٹینکر اور موٹر سائیکل کے تصادم میں۴۵سالہ موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
ایک سرکاری اہلکار نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ٹینکر نے پارمپورہ میں ٹویوٹا شو روم کے قریب موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں سوار شدید زخمی ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ زخمی کو فوری طور پر جے وی سی اسپتال بمنہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت بشیر احمد ولد علی محمد کھومانی ساکن زینہکوٹ، سری نگر کے طور پر ہوئی ہے۔واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ادھر کھریو پانپور سیمنٹ فیکٹری میں ملازم حادثے میں جاں بحق۔حکام نے بتایا کہ پیر کو پانپور کے کھریو علاقے میں سیمنٹ فیکٹری کے اندر پیش آئے حادثے میں ایک ملازم جاں بحق ہوگیا۔ایک اہلکار ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ کھریو پامپور کا رہائشی ملازم فیکٹری احاطے کے اندر ڈمپر کی زد میں آگیا۔
اسے فوری طور پر پی ایچ سی کھریو منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت غلام رسول ریگو ساکن کھریو کے طور پر ہوئی ہے جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔










