نئی دہلی، 29 جنوری (یواین آئی) حکومت نے جمعرات کے روز لوک سبھا میں بتایا کہ ملک بھر میں اب تک 16 کروڑ گھروں تک نل کے ذریعے پانی پہنچایا جا چکا ہے جل شکتی کے وزیر سی آر پاٹل نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن جناردن سنگھ سیگریوال کے سوال کے جواب میں کہا کہ جل جیون مشن کے تحت ہر گھر تک نل سے پانی پہنچانے کی اسکیم کے تحت کام جاری ہے اور اس کے نہایت مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہار حکومت نے اپنے وسائل سے ریاست کے ہر گھر تک نل کے ذریعے پانی پہنچانے کا کام شروع کیا، جو کافی حد تک کامیاب رہا ہے۔
مسٹر پاٹل نے بی جے پی کے پرشوتم روپالا کے سوال کے جواب میں کہا کہ راجکوٹ علاقے میں پانی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں پینے کے پانی کی شدید قلت تھی، جسے مرکز اور ریاستی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں سے دور کر لیا گیا ہے۔
قبائلی امور کے وزیرِ مملکت درگاداس اوئیکے نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ قبائلی اکثریتی علاقوں میں گرام سبھاؤں کے ذریعے ترقیاتی منصوبے مقامی سطح پر تیار کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی آبادی کو صحت سے متعلق سہولتیں فراہم کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیرِ مملکت توکھن ساہو نے بی جے پی کے ارون کمار ساگر کے سوال کے جواب میں کہا کہ اتر پردیش کے شہری علاقوں میں غریبوں کو 21 لاکھ سے زیادہ مکانات فراہم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شاہجہان پور میں غریبوں کے لیے 25481 مکانات منظور کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں شہری علاقوں میں غریبوں کو ایک کروڑ 22 لاکھ سے زائد مکانات فراہم کیے جا چکے ہیں۔










