محکمہ موسمیات کی آئندہ۱۲ گھنٹوں کے دوران ایک اور مرحلے کی برف باری یا بارش کی پیش گوئی
سرینگر/۲۲ دسمبر
کشمیر بھر میں حالیہ بارش اور برف باری کے باعث رات کے درجہ حرارت میں اضافہ جبکہ دن کے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ۱۲ گھنٹوں کے دوران وادی میں ایک اور مرحلے کی برف باری یا بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار کے مطابق اتوار کی شب سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت ۰ء۴ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے۴ء۶ ڈگری زیادہ ہے۔ اس کے برعکس اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۰ء۶ ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جو معمول سے۴ء۳ ڈگری کم ہے۔
شمالی کشمیر کے گلمرگ میں واحد موسمی اسٹیشن تھا جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا گیا اور پارہ منفی۴ء۲ ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ تاہم، اس کے باوجود اس اسکی ریزورٹ میں کم از کم درجہ حرارت اس موسم کے معمول سے چار ڈگری زیادہ رہا۔
دیگر موسمی مراکز، جن میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کا سیاحتی مقام پہلگام بھی شامل ہے، میں کم از کم درجہ حرارت۰ء۲ ڈگری سیلسیس سے۴ء۴ ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ اتوار کے روز وادی بھر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر کے بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
اس دوران محکمہ موسمیات نے پیر کے روز پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں منگل کی صبح تک ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے ، کیونکہ ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ خطے کو متاثر کر سکتا ہے ۔
ماہر موسمیات کے مطابق حالیہ دنوں میں وادی کشمیر اور جموں کے بیشتر علاقوں میں موسم مجموعی طور پر پیش گوئی کے مطابق رہا ہے ۔ نسبتاً زیادہ درجہ حرارت کے باعث میدانی علاقوں میں اب تک برفباری ریکارڈ نہیں کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایک اور کمزور مغربی ہواؤں کے اثر کے تحت پیر کی دوپہر سے لے کر منگل کی صبح تک بعض علاقوں میں ہلکی موسمی سرگرمی دیکھنے کو مل سکتی ہے ، خاص طور پر شمالی کشمیر کے بالائی علاقوں میں۔
انہوں نے کہا کہ اگر رات کے اوقات میں کسی بھی قسم کی بارش ہوتی ہے تو درجہ حرارت میں کمی کے سبب یہ میدانی علاقوں میں برفباری کی صورت اختیار کر سکتی ہے ۔ بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کے امکانات کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ماہر موسمیات کے مطابق مجموعی طور پر موسمی ماڈلز جموں و کشمیر کے بیشتر حصوں میں کسی بڑی یا شدید موسمی سرگرمی کی نشاندہی نہیں کر رہے ہیں۔ تاہم، گزشتہ مغربی ہواؤں کے باعث فضا میں موجود نمی کے سبب بعض مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے ۔
انہوں نے عوام، سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں، خاص طور پر پہاڑی اور بالائی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل متعلقہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔ویب ڈیسک /ایجنسیز










