محکمہ موسمیات کی اگلے۴۸گھنٹوں کے دوران برف وباراں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا زور مزید بڑھ گیا ہے جس نے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔
کشمیر ویدر کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۱ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرینگر میں۲۸نومبر کو رواں ماہ کی اب تک سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب شبانہ درجہ حرارت منفی۵ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۶ء۲ڈگری سینٹی گریڈ اور۰ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۸ء۲ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت منفی۸ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۴ء۲ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی۶ء۳ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۸ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ،پلوامہ، شوپیاں اور کولگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۸ء۲ڈگری سینٹی گریڈ‘ منفی۰ء۴‘منفی۵ء۳؍اور۹ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
وادی کے ایک اور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۱ء۰ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سرینگر ہوائی اڈے پر شبانہ درجہ حرارت منفی۴ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
لداخ یونین ٹریٹری کے لیہہ اور کرگل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۶ء۴ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۰ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق جموں کشمیر میں اگلے۴۸گھنٹوں کے دوران بارش اور برف باری کا امکان ہے ۔
اس دوران کشمیر وادی میں۲۰دسمبر سے بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی کے پیش نظر ٹریفک پولیس رورل کشمیر نے ایک جامع ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے موٹر سواروں اور مسافروں کو خاص طور پر پہاڑی اور حساس شاہراہوں پر غیر معمولی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے ۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں گاڑیوں کی نقل و حرکت صرف ٹریفک ہیڈکوارٹر جموں و کشمیر کی جانب سے جاری کردہ یومیہ ایڈوائزری اور مقررہ کٹ آف ٹائمنگ کے مطابق ہی ممکن ہوگی۔
مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک پولیس کنٹرول روم کشمیر سے سڑکوں کی تازہ صورتحال اور آمد و رفت کے اوقات کی تصدیق ضرور کریں۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران پہاڑی سڑکوں پر گاڑی خراب ہونے کی صورت میں سنگین حادثات رونما ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ڈرائیوروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں اینٹی اسکیڈ چینز، مناسب ایندھن، اور ضروری آلات بشمول بیٹری، ہیڈ لائٹس اور وائپرز کی مکمل جانچ یقینی بنائیں اور گاڑیوں کی فٹنس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔
ٹریفک پولیس نے تمام موٹر سواروں کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے ، جن میں سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کا استعمال، محفوظ فاصلہ برقرار رکھنا، مقررہ رفتار کی پابندی، پھسلن والی سڑکوں پر اوور ٹیکنگ سے گریز، سڑک کنارے پارکنگ نہ کرنا اور دھند کے دوران لین ڈسپلن کی پابندی شامل ہے ۔
کمرشل گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو اوور لوڈنگ، زائد اونچائی اور اوور ہینگنگ سے سختی سے منع کیا گیا ہے ، کیونکہ ایسے عوامل اکثر حادثات اور جانی نقصان کا سبب بنتے ہیں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ خراب موسم میں سفر صرف دن کی روشنی میں کیا جائے اور صرف مقررہ پارکنگ مقامات کا ہی استعمال کیا جائے تاکہ ٹریفک جام سے بچا جا سکے ۔
پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ اینٹی اسکیڈ چینز صرف رجسٹرڈ وینڈرز ہی مقررہ مقامات پر نصب کر سکیں گے ۔
ایڈوائزری کے مطابق خراب موسم کی صورت میں سرینگر،جموں قومی شاہراہ، ایس ایس جی روڈ، سنتھن پاس، مغل روڈ، گریز،بانڈی پورہ روڈ، کپواڑہ،کرناہ اور کپواڑہ،مژھل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کو ٹریفک ہیڈکوارٹر جموں و کشمیر کی یومیہ ہدایات کے مطابق سختی سے منظم کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس رورل کشمیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنی سفری منصوبہ بندی صرف سرکاری ایڈوائزری کے مطابق کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے ۔









