سرینگر/۶دسمبر
جموں کشمیر پولیس نے شوپیاں میں منشیات کے کاروبار کے خلاف کارروائی کو مزید سخت کرتے ہوئے ایک رہائشی مکان کو ضبطی کی کارروائی کے تحت منسلک کر لیا۔
حکام کے مطابق مذکورہ مکان کی تعمیر میں وہ رقم استعمال ہوئی تھی جو منشیات کی خرید و فروخت سے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی تھی، جبکہ مالک ماضی میں بھی متعدد منشیات مخالف مقدمات میں ملوث پایا جا چکا ہے ۔
پولیس نے بتایا کہ دو منزلہ رہائشی مکان محمد رفیق گنائی ساکن ہر مین شوپیاں کی ملکیت ہے اور یہ سروے نمبر۱۱۶۹کے تحت چھ مرلہ زمین پر قائم ہے ۔ ریکارڈ کے مطابق گنائی کا نام ایف آئی آر۲۰۲۰/۲۶پی ایس شوپیاں اور ایف آئی آر۲۰۲۲/۸۵پی ایس ہیرپورہ سمیت دیگر مقدمات میں بھی درج ہے ۔
پولیس کے مطابق کارروائی پوری قانونی نگرانی میں انجام دی گئی، جس میں پولیس ٹیم کے ساتھ ایک ایگزیکٹیو مجسٹریٹ، لمبردار اور چوکیدار بھی موجود تھے ۔ ضبط شدہ جائیداد کو مزید قانونی کارروائی مکمل ہونے تک پولیس تحویل میں رکھا جائے گا۔
پولیس نے کہا ہے کہ منشیات کے نیٹ ورک کی کمر توڑنے کے لیے ضلع بھر میں ایسی کارروائیاں تیزی سے جاری رہیں گی اور عوام سے اپیل کی کہ نشہ فروشوں سے متعلق ہر اطلاع بلا تاخیر فراہم کریں۔ایجنسیز










