سرینگر/۲۴؍ اکتوبر
جموں کشمیر کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے کہا کہ کانگریس نے نیشنل کانفرنس کی چوتھی نشست پر مقابلہ نہ کرنے کا فیصلہ بالکل درست کیا کیونکہ یہ ’ایسی نشست تھی جو کوئی بھی نہیں جیت سکتا تھا۔‘
بی جے پی کے چوتھی راجیہ سبھا نشست جیتنے کے بعد کریا نے کشمیر نیوز سروس سے گفتگو میں قرہ نے کہا کہ یہ نتیجہ کانگریس کی پہلے کی تشخیص کی تصدیق کرتا ہے۔
کانگریسی لیڈر نے کہا’’یہ اس بات کی تصدیق ہے جو میں شروع سے کہہ رہا تھا کہ یہ ایک خطرناک نشست ہے اور کوئی بھی اسے نہیں جیت سکتا‘‘۔
قرہ نے کہا کہ کانگریس نے یہ فیصلہ حقیقت پسندانہ سیاسی جائزے کی بنیاد پر کیا۔’’ہم نے اپنی حکمت عملی اور حساب کتاب کیا ہوا تھا۔ ہم جانتے تھے کہ یہ نشست پہنچ سے باہر ہے، اس لیے صرف نمائشی طور پر مقابلہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں تھا‘‘۔
کانگریس کے یونٹ صدرنے کہا کہ کانگریس،نیشنل کانفرنس کا اتحاد برقرار ہے، لیکن اتحاد کے اندر ہر فیصلہ سیاسی حقیقتوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ ’’اتحاد ایک اکائی ہے، لیکن ہر قدم سمجھداری اور عملی بنیاد پر اٹھانا ضروری ہے‘‘۔
اپنے موقف کو دہراتے ہوئے قرہ نے کہا کہ یہ نتیجہ کانگریس کے فیصلے کی درستگی ثابت کرتا ہے۔ ’’آج کا نتیجہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا موقف درست تھا۔ یہ ایک خطرناک نشست تھی اور کوئی بھی اسے نہیں جیت سکتا تھا۔‘‘










