جموں/۲۳؍اکتوبر
فوج کی وائٹ نائٹ کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے جمعرات کے روز جموں و کشمیر کے ضلع اودھمپور کے بسنت گڑھ کے پہاڑی علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں جاری سکیورٹی انتظامات اور انسداد دہشت گردی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے ’’وائٹ نائٹ کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے ڈیلٹا فورس کے جی او سی کے ہمراہ بسنت گڑھ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی نظام کا جائزہ لیا اور علاقے میں تعینات فوجی اہلکاروں کی غیر معمولی لگن اور فرض شناسی کو سراہا۔‘‘
لیفٹیننٹ جنرل مشرا نے اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران اْن کے حوصلے، پیشہ ورانہ عزم اور علاقے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اْن کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے جوانوں کو ہدایت دی کہ وہ پیشگی تیاری، جدید حکمتِ عملی، اور اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے آپریشنل کارکردگی میں مزید بہتری لائیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ بسنت گڑھ کا علاقہ حالیہ مہینوں میں کئی دہشت گردانہ واقعات اور فوجی کارروائیوں کا مرکز رہا ہے۔ سکیورٹی ایجنسیوں کے مطابق، یہ علاقہ دہشت گردوں کے لیے ایک اہم راستہ سمجھا جاتا ہے جہاں سے وہ بین الاقوامی سرحد (انٹرنیشنل بارڈر) کے کٹھوعہ سیکٹر سے دراندازی کرتے ہیں اور پہاڑی راستوں کے ذریعے ڈوڈہ اور کشتواڑ کے علاقوں سے ہوتے ہوئے وادی کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے رواں سال کئی کامیاب آپریشن انجام دیے ہیں، جن کے دوران متعدد مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل مشرا نے اپنے دورے کے اختتام پر جوانوں کو یہ یقین دہانی کرائی کہ فوج ہر سطح پر اْن کے ساتھ کھڑی ہے اور تمام تر وسائل اْن کی آپریشنل ضروریات کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف دشمن کو شکست دینا نہیں بلکہ عوام کا اعتماد بحال رکھنا بھی ہے، تاکہ جموں خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب جموں کے مختلف پہاڑی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی اطلاعات کے بعد سرچ آپریشنز میں تیزی لائی ہے۔ فوجی حکام کے مطابق، وائٹ نائٹ کور اور ڈیلٹا فورس کے درمیان قریبی ہم آہنگی سے خطے میں انسداد دہشت گردی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ایجنسیز










