نئی دہلی، 9 اکتوبر (یو این آئی)قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے بدھ کے روز بہار میں 2024 کے اسلحہ اسمگلنگ کیس میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کے گھر سے بڑی مقدار میں اسلحہ، کارتوس اور دیگر مشتبہ مواد برآمد کیا ہے ۔
این آئی اے کی ٹیم نے ضلع ویشالی میں ملزم سندیپ کمار سنہا عرف چھوٹو لالا کے گھر پر تلاشی لی، جس کے دوران ایک 9 ایم ایم پستول، 9 ایم ایم کے 18 زندہ کارتوس، دو پستول میگزین، ایک ڈبل بیرل 12 بور بندوق، 12 بور کے 35 کارآمد کارتوس اور 4.21 لاکھ روپے نقدی برآمد ہوئی۔
سندیپ کمار سنہا گرفتار شدہ مرکزی ملزم وکاس کمار کا قریبی ساتھی ہے اور اسلحہ اسمگلنگ نیٹ ورک کا سرگرم رکن بتایا گیا ہے ۔ یہ معاملہ ابتدا میں بہار پولیس نے اس وقت درج کیا تھا جب ایے کے -47 رائفل اورکارآمد کارتوس برآمد کیے گئے تھے ۔
اگست 2024 میں این آئی اے نے اس کیس کی تفتیش اپنے ہاتھ میں لی تھی۔ یہ گروہ ناگالینڈ سے غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کر کے بہار کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا۔
تحقیقات کے دوران اب تک چار ملزمان وکاس کمار، ستیم کمار، دیومنی رائے عرف انیش اور محمد احمد انصاری کو گرفتار کر کے چارج شیٹ دائر کی جا چکی ہے ۔ حال ہی میں ایک اور ملزم منظور خان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ، جو اس وقت پٹنہ کی بیور جیل میں بند ہے ۔
این آئی اے نے بتایا کہ اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے ۔








