نئی دہلی، 08 اکتوبر (یواین آئی) دہلی پردیش کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے بدھ کے روز یہاں ضلع کمشنر (ریونیو) نیرج سیموال سے ملاقات کی اور کسانوں کی مختلف مانگوں سے متعلق ایک میمورینڈم پیش کیا۔
کانگریس رہنماؤں کی جانب سے پیش کیے گئے میمورینڈم میں دہلی کی زرعی اراضی کا سرکل ریٹ 10 کروڑ روپے فی ایکڑ کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر کمار نے الزام لگایا کہ محترمہ ریکھا گپتا کی قیادت والی دہلی حکومت جان بوجھ کر کسانوں کو پریشان کر رہی ہے ۔ چار ماہ قبل وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا تھا کہ حکومت سرکل ریٹ بڑھائے گی اور اس سلسلے میں ڈویژنل کمشنر کی صدارت میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب وزیر اعلیٰ نے سرکل ریٹ بڑھانے کا اعلان کر دیا تھا، تو عوام سے مشورہ لینے میں چار ماہ کی تاخیر کیوں کی گئی؟ یہ کام اسی وقت کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں دہلی حکومت نے آر ڈبلیو ایز اور دیگر اداروں سے دہلی میں زمین کے سرکل ریٹ بڑھانے پر مشورے طلب کیے ہیں۔
کانگریس ترجمان نے کہا کہ دہلی میں آخری بار 2008 میں سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کی حکومت نے زرعی اراضی کا سرکل ریٹ 53 لاکھ روپے فی ایکڑ تک بڑھایا تھااور اس کے بعد اب تک کوئی ترمیم نہیں ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ریکھا گپتا حکومت کے کام کاج سے لگتا ہے کہ یا تو انہیں انتظام چلانا نہیں آتا یا وہ کسانوں کے مفاد میں کام نہیں کرنا چاہتی ہیں۔ اس کا خمیازہ دہلی کے کسان بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے دہلی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کی زمین کا سرکل ریٹ جلد از جلد بڑھایا جائے اور کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو دہلی کانگریس کسانوں کی آواز سڑکوں پر بلند کرے گی۔










