سرینگر/۷؍اکتوبر
کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ نے شکایت کنندہ کا بھائی ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرنے کیلئے جعلی دستاویزات استعمال کرنے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔
ونگ کے ایک ترجمان نے ایک بیان میں کہا’’اقتصادی جرائم ونگ (کرائم برانچ کشمیر) کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی ہے جس میں شکایت کنندہ نے الزام لگایا ہے کہ عامر احمد منشی ولد مرحوم غلام احمد منشی جو اصل میں شوکت حسین بٹ ساکن ہمدانیہ کالونی، بمنہ، سری نگر کا بیٹا ہے ، نے جھوٹا دعویٰ کیا ہے کہ وہ میرا بھائی ہے ‘‘۔
ترجمان نے کہا’’مزید یہ الزام لگایا گیا کہ ملزم نے جعلی دستاویزات جن میں میونسپل کارپوریشن کا تاریخ پیدائش سرٹیفکیٹ، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، اسکول کے ریکارڈ، ووٹر کی فہرست اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ شامل ہیں، تیار کئے اور ان کو سری نگر میں مجاز عدالت کے سامنے جمع کرائے‘‘۔
ترجمان نے کہا کہ ملزم کی کارروائیاں پہلی نظر میں بھارتی تعزیری ضابطہ کی متعلقہ دفعات کے تحت قابل سزا جرائم کے ارتکاب کو ظاہر کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا’’اس کے مطابق، نوٹس لیا گیا ہے ، اور پولیس اسٹیشن اقتصادی جرائم ونگ (کرائم برانچ کشمیر) میں ملزم کے خلاف ایک باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا‘‘۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔










