نئی دہلی، یکم اکتوبر (یواین آئی) کانگریس کے صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کو سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد منگل کو بنگلورو کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ مسٹر کھڑگے کی حالت اب مستحکم ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں پیس میکر لگانے کا مشورہ دیا ہے ۔
مسٹر کھڑگے کے بیٹے اور کرناٹک حکومت میں وزیر پریانک کھڑگے نے بدھ کی دو پہر سوشل میڈیا پر یہ معلومات شیئر کیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ڈاکٹروں نے مسٹر کھڑگے کو پیس میکر لگانے کا مشورہ دیا ہے اور انہیں پہلے سے روٹین پلان کے تحت اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ مسٹر پریانک کھڑگے نے کہا کہ وہ آپ کی تشویش اور نیک خواہشات کے لیے شکر گزار ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس صدر کو بخار اور ٹانگوں میں درد کی شکایت کے بعد منگل کو بنگلورو کے ایم ایس رمیا اسپتال لے جایا گیا تھا۔ وہاں کے ڈاکٹر ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔
مسٹر کھڑگے کی بگڑتی ہوئی صحت کی اطلاع ملنے کے بعد کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے آج اسپتال میں ان کی عیادت کی۔ مسٹر کھڑگے سے ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ وہ اب ٹھیک محسوس کر رہے ہیں اور بات کر رہے ہیں۔ انہیں کل اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔










