نئی دہلی، 12 ستمبر (یو این آئی) کانگریس مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پیش نظر تنظیم کو مضبوط بنانے اور حکمت عملی بنانے میں مصروف ہے اور پارٹی کو نچلی سطح پر مضبوط کرنے کے لئے اس سلسلے میں جاری میٹنگوں میں جو تجاویز مل رہی ہیں وہ بہت مثبت ہیں اور ان پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔
جمعہ کو یہ جانکاری دیتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ ان کی ریاستی لیڈروں کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے اور یہ میٹنگ بہت مثبت رہی۔ اس میٹنگ میں ریاستی انچارج کے ساتھ ریاستی صدر اور دیگر سینئر لیڈران موجود تھے ۔
میٹنگ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے مسٹر وینوگوپال نے کہا پارٹی انچارج جنرل سکریٹری جی اے میر، ریاستی کانگریس کے صدر سبھانکر سرکار اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں اور مغربی بنگال کی سیاسی امور کی کمیٹی کے دیگر اراکین کے ساتھ بیٹھ کر بہت اچھا لگا۔
ہم نے مغربی بنگال میں پارٹی کے مستقبل اور نچلی سطح پر اپنی تنظیم کو مضبوط کرنے کے طریقوں پر بامعنی بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ بنگال کی تاریخ میں کانگریس ہمیشہ مرکزمیں رہی ہے ۔ آزادی کی جدوجہد کے دنوں سے لے کر ریاست کی سماجی اصلاحات کی تشکیل تک، اس ریاست نے ملک کو عظیم رہنما دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس وراثت سے متاثر ہے اور مغربی بنگال کے لوگوں میں نئی امید اور ترقی لانے کے لئے کام کر رہی ہے










