سرینگر//
جموں کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالین پربھات نے جمعے کے روز جنوبی کشمیر کے دورے کے دوران سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا ۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی آئی جی ساؤتھ کشمیر رینج جاوید متو، متعلقہ اضلاع کے ایس ایس پیز، اور فوج، سی آر پی ایف و بی ایس ایف کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔
اجلاس کے دوران شری امرناتھ جی یاترا کے دوران سیکیورٹی فورسز کی چوبیس گھنٹے مستعدی اور قربانی کے جذبے کو سراہتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا’’تمام سیکورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم قابلِ تحسین ہے ، جنہوں نے یاترا کو محفوظ بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا‘‘۔
پولیس سربراہ نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مسلسل ریہرسل، کمزوریوں کی شناخت اور انسداد کے اقدامات پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے جدید اور متحرک تربیتی مشقوں کو اپنانا ضروری ہے ۔
علاوہ ازیں، ڈی جی پی نے اندرونی علاقوں میں مستقل اور جارحانہ کارروائیوں کی اہمیت پر بھی زور دیا، تاکہ ممکنہ خطرات کو جڑ سے ختم کیا جا سکے ۔
اجلاس میں تمام اداروں کے درمیان قریبی تعاون، معلومات کے بروقت تبادلے اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔










